249

حکمرانوں کی ڈالرز کے شوق کی وجہ سے ملک کا نظریہ اور جغرافیہ دونوں خطرے میں ہے۔مشتاق احمدخان

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال )امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتا ق احمد خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ڈالرز کے شوق کی وجہ سے ملک کا نظریہ اور جغرافیہ دونوں خطرے میں ہے ۔ حکمرانوں نے عوام کے نام پر 18 ہزار ارب کا قرضہ لیا اور اس قرضہ پر سود ادا کرنے کے لیے مزید قرضہ لے رہے ہیں ۔عوام کے نام پر لیے گئے قرضوں سے پانامہ ، لندن اور دبئی میں پراپرٹی اور کمپیناں بنارہے ہیں۔ کرپشن تمام ملکی مسائل کی جڑ ہے۔ہم کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے باہر نکلے ہیں۔ کرپشن کی وجہ سے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔پاکستان کے 20کروڑ عوام شدید گرمی میں صاف پانی اور بجلی کو ترس رہے ہیں۔ پاکستان میں روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔ عوام کے گھڑوں میں پینے کا پانی نہیں ہے جبکہ کرپٹ بیوروکریسی کے پانی کے ٹینکوں سے نوٹ برآمد ہو رہے ہیں،یہ لوٹ کھسوٹ اور ظلم وجبر کا نظام ہے،ہم ایسے نظام کو نہیں مانتے۔تعلیمی اور معاشی حالات پہلے سے گھمبیر صورت اختیار کر چکے ہیں ۔ گرمی شروع ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن بوتل سے باہر آگیاہے اور روزانہ بارہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔ ملک میں 68 سال سے قائم نظام نے عوام کو تعلیم ،صحت ،انصاف اور اسلامی نظام سے محروم رکھا ۔ ہم اس نظام کو نہیں مانتے ۔عوام اس نظام کو بدلنے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔وہ پولو گراؤنڈ چترال میں عظیم الشان کرپشن فری پاکستان جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ جلسہ عام سے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ، امیر جماعت اسلامی ضلع چترال مولانا جمشید احمد ، ناظم ضلع چترا ل سید مغفرت شاہ ، سابق ممبرقو می اسمبلی عبدالاکبر چترالی اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا جب کہ ناظم دیر بالا صاحبزادہ فصیح اللہ بھی موجو د تھے ۔ مشتاق احمد خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چتر ال میں کامیاب جلسہ عام سے ثابت ہوگیا ہے کہ چترال کے عوام دل و جان سیکرپشن فری پاکستان چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران ملک کو لبرل اور سیکولر اسٹیٹ بنانا چاہتے ہیں اس لیے ملک میں سودی نظام کا دفاع کر رہے ہیں میڈیا پر فحاشی و عریانی پھیلارہے ہیں جب کہ دوسری طرف تبلیغ پر پانبدی لگارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہپاکستان کا حکمران طبقہ پاکستان کو لوٹ رہا ہے۔ملک کا نظریہ محفوظ نہیں ہے کبھی یہ لبرل اور کبھی سیکولر بننے کے نعرے لگاتے ہیں ۔ان حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کا جغرافیائی وجود خطرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ظالم اور مظلوم دو ہی پارٹیاں ہیں ۔ کرپٹ اشرافیہ کا ظلم تمام حدیں پار کر چکاہے اب مظلوم عوام ان ظالموں سے نجات حاصل کرنے متحد ہو جاناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے ایجنٹ ملک میں کھلے عام پھر رہے ہیں ،ملک کے اندر امریکی ڈرون حملے ہورہے ہیں لیکن ہمارے وزیر اعظم اور وزراء کو خبر ہی نہیں ہوتی اور امریکی حکام ان کو اطلاع دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کو امریکی شکار گاہ میں تبدیل کردیا اور حکمرانوں کے مرضی سے اب 400 ڈرون حملے ہوئے ہیں ۔مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ یہ مٹی اور یہ ملک ہمارے لیے ماں کی گود کی حیثیت رکھتا ہے اور حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہمارے ماں کے گود کو خطرہ ہے ملک کے جغرافیہ اور نظریہ کو خطرہ ہے ۔حکمرانوں کو ملک کے مفاد سے زیادہ ڈالرزعزیز ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس نظام کو بدلنے کے لیے کراچی سے چترال تک لوگوں کو نکلنا ہوگا اور قوم کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں