243

پاک چائینہ اقتصادی راہداری منصوبے میں ملاکنڈڈویژن کو بھی شامل کیاجائے۔سکندرحیات خان شیرپاؤ

خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر برائے آبپاشی وسماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے پختونوں کی محرومیوں کے ازالے پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے پختون قوم مشکل حالات سے دوچار ہے اورہزاروں پختونوں کو دہشتگردی اورشدت پسندی کانشانہ بنایاگیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری منصوبے میں ملاکنڈ ڈویژن کو بھی شامل کیا جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز مانڈلڈاک مٹہ سوات میں ایک شمولیتی جلسے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی ملاکنڈ زون کے چیئرمین فضل رحمان نونو، سابق ضلعی چیئرمین شیر بہادر خان، پی کے۔84 سوات کے سابق پارٹی نامزد امیدوار نصراللہ خان ناصر، احمد گل شلمانی اوردیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ جلسے میں مختلف سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنوں جمعہ گل، حاجی صفیح اللہ،جاوید، حیدر علی، اقبال حسین، فرمان علی ،ارزومندلالا، میاں عقل بخت،واحد زمان،اسحاق کالاکوٹ اورتاج امیر صاحب نے اپنے عزیز واقارب سمیت قومی وطن پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیا رکی۔اس موقع پر سینئر وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ان کی شمولیت سے سوات میں قومی وطن پارٹی مزید مضبوط ہوجائے گی۔انہوں نے پختون دھرتی میں امن وامان کی بحالی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے لہٰذا اس سلسلے میں مرکزی حکومت عملی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عملدرآمد کیاجائے اور وفاقی حکومت اپنی تمام ترتوجہ دہشتگردی کے خاتمے پرمرکوز کرے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا شدت پسندی اور انتہاپسندی کی وجہ سے بے حد متاثر ہواہے اورخاص طورپر ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے اس سلسلے میں بے پناہ قربانیا ں دی ہیں جن کو فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔سینئر وزیر نے کہا کہ قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کی نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعت ہے اوراپنے مظلوم عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے اس موقع پر پی کے۔ 84 سوات میں واٹر چینل،سیلاب سے بچاؤ کے لئے حفاظتی پشتوں ،رابطہ پُل اورمٹہ میں فنی تعلیم کے کالج کے لئے عمارت کی تعمیر سمیت بجلی کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کاعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں