549

کریم آباد کے زلزلہ زدگان کی شکایات کا مکمل ازالہ نہ کیا گیا ،حلقے منتخب بلدیاتی نمائندگان استعفیٰ دینے پر مجبور ہوں گے،پریس کانفرنس

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) کریم آباد سے ضلع کونسل چترال کے ممبر محمد یعقوب خان نے حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی کے سلسلے میں کریم آباد کے زلزلہ زدگان کی شکایات کا مکمل ازالہ نہ کیا گیا تو وہ اپنے حلقے کے دوسرے منتخب بلدیاتی نمائندگان سمیت استعفیٰ دینے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ اتوار کے روز چترال پریس کلب میں تحصیل کونسل کے رکن محمد علی شاہ، ویلج کونسل کھوت کے ناظم علی مراد شاہ، سوسوم کے ناظم شیر گلاب، ہرت کے ناظم زیر بلی خان، برشگرام کے کسان کو نسلر جماعت بائے اور یوتھ کونسلر عنایت علی شاہ کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ اور ڈی سی چترال سے اپیل کی ہے کہ کریم آباد میں نقصانات کا صحیح تخمینہ لگانے کے لئے ازسرنو سروے ٹیم بھیجا جائے کیونکہ علاقے کے عوام پہلے کئے گئے سروے کو ناقص قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہیں جس میں متاثرین کی اکثریت کا نام شامل نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ جن لوگوں کے ناموں کو متاثرین کے فہرست سے نکالے گئے ہیں، ان کو دوبارہ شامل کیا جائے اور ناقص سروے کرنے والوں سے بازپرس کیا جائے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ ازسر نو سروے ٹیم ان اہلکاروں کو ہرگز شامل نہ کئے جائیں جوکہ اس سے پہلے شا مل تھے۔ کریم آباد کے بلدیاتی نمائندوں نے کہا کہ کریم آباد ایک انتہائی پسماندہ علاقہ ہے جوکہ بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہے جبکہ اس سال ماہ جولائی کے طوفانی بارشوں اور سیلاب سے کریم آباد میں سڑکیں، پل، نہریں، ابنوشی کے منصوبے تباہ ہوگئے تھے لیکن حکومت نے اب تک کوئی توجہ نہیں دی اور نہ حکومت کی جانب سے متاثرین کو کوئی امداد مل گئی۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ زلزلے میں بھی کریم آباد کی وادی میں وسیع پیمانے پر تباہی وبربادی ہوئی ہے اور نقصانات کا سروے کرنے والی ٹیموں نے بے قاعدگی کا ارتکاب کرکے ان کی زخموں پر نمک پاشی کی ہے ۔

DSC00096

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں