194

طیارہ حادثہ: گرم چشمہ کے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کو اجتماعی قبر میں سپر د خاک کیا گیا

چترال(چ،پ)گرم چشمہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہفتہ کے روز اپنے گاؤں میں سپر د خاک کر دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق گرم چشمہ کے گاؤں ایژ سے تعلق رکھنے والے مرزا گل،اسکی بیوی گل حوران،دو بیٹیاں زاہدہ پروین،ثمینہ گل،دو بیٹوں حسن علی اور فرحان علی7دسمبر کو طیارہ حادثے میں شہید ہوگئے تھے۔ان تمام افراد کی میتیں ہفتہ کے روز سی ون تھرٹی کے ذریعے چترال اور بعد ازاں گرم چشمہ پہنچاکر زیارت کے مقام پر نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ،رکن صوبائی اسمبلی سلیم خان سمیت بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کیں۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرزا گل اور اسکے خاندان کے دیگر افراد کو گاؤں ’’ایژ‘‘ میں انکے گھر کے بالکل عقب میں ایک ہی قبر میں سپر د خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
اس خاندان کی واحد فرد مرزا گل کی 14سالہ بیٹی حسینہ گل ہیں جوکہ اپنے خاندان کے چھ افراد کی لاشوں کے شناخت کے لئے اسلام آباد گئی ہوئی تھی اور آج ہی اسلام آباد سے واپس آگئی۔ ہفتہ کی صبح راولپنڈی کے ایئرپورٹ جاتے ہوئے حسینہ گل بھی ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئی اور انہیں چوٹیں آئی ہیں ۔ حسینہ گل اس وقت شدید صدمے کا شکار ہیں اور بات چیت نہیں کر سکتی۔ اس موقع پر پی آئی اے کے ڈائریکٹر کسٹمر کیئر تبسم اے قادر بھی گرم چشمہ پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ سیلز منیجر حاجی زاہدین کے ہمراہ حسینہ گل کے گھر کا دورہ کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی نگرانی میں حسینہ گل کو مقامی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر انکا علاج جاری ہے۔
ہمارے نمائندے  سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی زاہدین زاہد نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ حسینہ گل کو واپس اسلام آباد منتقل کیا جائے جہاں پر اسکی کفالت سرکاری طور پر کی جائیگی۔ اس سلسلے میں پی آئی آے کے ڈائریکٹر صاحبہ بذات خود یہاں پر آگئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن ڈپٹی کمشنر آفس کو بھی ڈائریکٹو جاری کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسوقت حسینہ گل کی صحت درست نہیں کیونکہ وہ آج صبح اسلام آباد ایئرپورٹ جاتے ہوئے ٹریفک حادثے کا شکار ہو چکی ہے اور انہیں علاج کی ضرورت ہے ۔ اسکے ساتھ ساتھ اسکی ذہنی حالت بھی اس پوزیشن میں نہیں تھی کہ اسکے خاندان کے چھ افراد کی تدفین کے فوراً بعد ان سے اسلام آباد منتقل ہونے کی بابت پوچھا جائے۔ پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ سیلز منیجر نے بتایا کہ ہم نے حسینہ گل کو ٹی ایچ کیو ہسپتال میں داخل کرادیا ہے جہاں پر اسکا علاج جاری ہے تاہم کل اتوار کے روز حسینہ گل کے قریبی رشتہ دار انہیں لیکر گورنر ہاؤس چترال آئینگے جہاں پر اس بابت بات چیت ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں