225

پی ٹی سی ایل کی کارکردگی بہتر ہونے کی بجائے دن بدن بدتر ہوتی جارہی ہے، ناقص ڈی ایس ایل سروس کی وجہ سے زندگی اجیرن

چترال(نمائندہ ڈیلی چترال)چترال کے تمام انٹر نیٹ صارفین نے ڈی ایس ایل کی ناقص سروس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی کارکردگی بہتر ہونے کی بجائے دن بدن بدتر ہوتی جارہی ہے جبکہ صارفین سے بل کے نام پر دھوکا دے کر پیسے بٹورے جانے کے باوجود سروس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انٹرنیٹ صارفین سلمان فارسی ، ضمیرالدین ، معین الدین ، نذیر احمد شاہ اور بڑی تعداد میں دیگر صارفین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپٹیکل فائیبر کے کیبل بچھانے کا کام مکمل ہوئے دو سال گزر چکا ہے لیکن ابھی تک یہ سروس چترال کے صافین کو مہیا نہیں کی گئی ہے ۔ جبکہ دوسری طرف ڈی ایس ایل کے بل پشاور اور اسلام آباد کے ریٹ پر حاصل کرنے کے باوجود سروس انتہائی طور پر ناقص ہے ۔ براڈبینڈ میں ایک ایم بی سے بھی کم سروس دینے کے باوجود بل دو ایم بی کے وصول کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ،کہ ناقص ڈی ایس ایل سروس کی وجہ سے زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔ اور نیٹ کی آنکھ مچولی کی وجہ سے گھنٹوں انتظار کی گھڑیاں جھیلنی پڑتی ہیں ۔ صارفین نے کہا ۔ کہ جو بل وصول کئے جارہے ہیں ۔ اُس کے مطابق لوگوں کو سروس دی جائے ۔ اور صارفین کو مزید مجبور نہ کیا جائے ۔ بصورت دیگر ضلع کی سطح پر سنگین احتجاج کیا جائے گا ۔ اور پی ٹی سی ایل حکام و شئیرر ہولڈرز کے پتلے جلائے جائیں گے ۔ نیز چترال کنزئیومر کورٹ میں متعلقہ ادارہ اور شئیر ہولڈرز کے خلاف مقدہ دائر کیا جائے گا ۔ صارفین نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ آپٹیکل فائبر کی سروس جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ لوگوں موجودہ مصیبت سے نجات مل سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں