176

AVDPکے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر انتہائی خوشی اور اطمینان کا اظہار

چترال ( محکم الدین ایونی ) یونین کونسل ایون کی تعمیر و ترقی کیلئے سرگرم عمل مقامی معاون ادارہ AVDPکے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر انتہائی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ اور ان منصوبوں کیلئے فنڈ فراہم کرنے پر پاکستان غربت مکاؤ فنڈ ، کنسرن ورلڈ وائڈ اور یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ جن کے تعاون سے سیلاب اور زلزلے کے مصائب میں گھیرے لوگوں کو مشکلات سے نکالنے میں مدد ملی ۔گذشتہ روز چیرمین AVDPسیف اللہ کالاش کی زیر صدارت بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں ممبران کی اکثریت نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ادارے کے زیر نگرانی ایون ، بمبوریت ، رمبور اور بریر میں پایہ تکمیل کو پہنچنے والے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ کہ تمام تر منصوبے اپنے مقررہ مدت کے اندر معیار کے مطابق مکمل ہو چکے ہیں ۔ اور عوام کو ہینڈ اور ہو چکے ہیں ۔ جن سے مقامی کمیونٹی استفادہ کر رہی ہے ۔ اجلاس میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا گیا ۔ کہ یہ وہ منصوبے ہیں جو گذشتہ سیلاب اور زلزلے میں بُری طرح متاثر ہوئے تھے ۔ اور یو سی کے عوام شدید مشکلات کا شکار تھے،اس لئے یہ منصو بے اولین ترجیح قرار دے کر مکمل کئے گئے ۔ جن میں جیپ ایبل پُل ، ائریگیشن چینلز ، پائپ ایریگیشن ، واٹرسپلائی سکیمز اور سنٹیشن وغیرہ شامل ہیں ۔ یو ایس ایڈ کے مالی تعاون سے کالاش لینگویج اینڈ کلچر پریزرویشن پراجیکٹ کے کام پربھی اطمینان کا اظہار کیا گیا ، اس پراجیکٹ کے تحت تین کتابین چھپ چکی ہیں ،اور کمیونٹی لینگوسٹک تیار کئے گئے ۔ جنہوں نے کالاش زبان کو تحریری طور پر ترقی دینے کے ساتھ ساتھ ، کالاش لوک گیتوں اور ضرب المثل کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ اجلاس میں پی پی اے ایف کی طرف سے ایون رورل ہیلتھ سنٹر کی تزین و آرائش سمیت دیگر ضروریات کی تکمیل و فراہمی کو اطمینان بخش قرار دیا گیا ۔ تاہم پی پی آر کے شعبہ ایجوکیشن کے ذمہ داروں کی طرف سے بغیر مشاورت کے بعض سرگرمیوں پر انتہائی تحفظات کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں AVDPکیلئے مرتب کردہ نئی پالیسی پیش کی گئی ۔ جسے مطالعہ کرنے کے بعد ضروری ترامیم کے ساتھ منظورکرنے کیلئے اگلے بورڈ اجلاس تک موخرکردیا گیا ۔ اجلاس میں AVDPکے اے جی ایم کی دو سالہ مدت پوری ہونے کے بعد آیندہ اے جی ایم 8جنوری2017بروز اتوار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس موقع پر بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے تمام ڈونرزو متعلقہ اداروں ، ضلعی حکومت و ضلعی انتظامیہ ، پاک فوج و پولیس کا بھی شکریہ ادا کیا ۔جن کے بھر پور تعاون کی بدولت ہی عوامی مفاد کے یہ منصوبے مکمل ہو سکے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں