205

مظفر سید ایڈوکیٹ کا کوہاٹ یونیورسٹی میں تعلیمی نمائش سے خطاب، مختلف وفود سے ملاقاتیں

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم و تحقیق وقت کا تقاضا اور قومی و عالمی بقاء کا ضامن ہے تعلیم سے نوجوانوں کے روزگار کے ساتھ ساتھ ہماری ملکی ترقی اور خوشحالی وابستہ ہے جماعت اسلامی نے یوتھ ونگ کے ملک گیر انتخابات کرکے حکومت اور قیادت نوجوانوں کو منتقل کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے ہماری جماعت کی حکومت آئی تو اعلیٰ تعلیم اور فنی تربیت کو بھی ہر سطح پر بالکل مفت کر دیا جائے گا اس کا اظہار انہوں نے اپنے ایک روزہ کوہاٹ کے موقع پر کوہاٹ یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام تعلیمی نمائش سے خطاب اور ناظمین و تاجروں سمیت شہری زعماء کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا تعلیمی نمائش سے یونیورسٹی کے وی سی اور سینئر پروفیسرز کے علاوہ کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے چئیرمین عبدالرقیب، جماعت اسلامی کرک کے قیم محمد ظہور خٹک اور اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم صہیب الدین کاکاخیل نے بھی خطاب کیا جنہوں نے صوبائی حکومت کی تعلیمی و طبی شعبوں میں اصلاحات کو سراہا اور انکی کامیابی کیلئے تعاون کا عزم دہرایا مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم اور صوبائی خودمختاری ملنے کے بعد اعلیٰ تعلیم اور جامعات کیلئے صوبائی حکومت کا سالانہ بجٹ گزشتہ وفاقی اخراجات سے تین گنا زیادہ ہے جامعات کے وائس چانسلر سے لیکر تمام عملے کا انتخاب اور بھرتی سیاسی اثر و رسوخ کی بجائے خالصتا میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا تحقیق سرگرمیوں کیلئے فنڈ بڑھایا گیا جس میں اگلے سال مزید اضافہ کیا جا رہا ہے اسی طرح سرکاری سکولوں میں مختلف ضروری سہولیات کی فراہمی پر اکیس ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جاچکی ہے جبکہ گذشتہ تین سال کے دوران سرکاری سکولوں میں تیرہ سو سے زیادہ کمپیوٹر لیبز بنائے جاچکے ہیں جس سے سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے غریب بچے بھی جدید دور کی تعلیمی سہولیات سے استفادہ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نعروں کی بجائے عمل پر یقین رکھتی ہے اور نظام کی اصلاح اور اس میں مثبت تبدیلی کے لیے ہمارے اُٹھائے گئے اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ہم نے رشوت ،سفارش اور اقربا پروری کا نظام بدل دیا ہے تعلیم، صحت اور پولیس سمیت مختلف محکموں میں ہزاروں نوکریاں خالص میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر دی گئی ہیں پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا گیا اور تھانوں میں رشوت اور ظلم کا نظام ختم کر دیا گیا ہے پولیس میں جوابدہی کا نظام بنایا گیا ہے اور شکایت پر بھر پور کاروائی کی جاتی ہے ماضی میں سرکاری افسروں کو خوانین کے حجروں میں حاضریاں دینا پڑتی تھیں ہماری حکومت نے تمام اداروں کو بااختیار بنادیا ہے کیونکہ اداروں کو مضبوط بنائے بغیر نظام تبدیل نہیں کیا جاسکتا ضلع ناظم ہنگو، کوہاٹ و کرک کے کونسلروں، انجمن تاجران اور مقامی معززین کے مختلف وفود نے بھی وزیر خزانہ سے ملاقات کی اور انہیں ہنگو و کرک کے دورے کی دعوت دینے کے علاوہ اپنے بعض علاقائی اور اجتماعی مسائل سے اگاہ کیا مظفر سید ایڈوکیٹ نے دعوت قبول کرتے ہوئے عنقریب ہنگو اور کرک کا دورہ کرنے اور اہل علاقہ کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں