185

قلیت اورا کثریت کے تصور سے بالاتر پاکستانیت کے جذبے کواُبھارنا چاہتے ہیں.پرویز خٹک

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم اقلیت اورا کثریت کے تصور سے بالاتر پاکستانیت کے جذبے کواُبھارنا چاہتے ہیں اور صوبے بھر کی تمام اقلیتی برادری کو پاکستانی ہی سمجھتے ہیں۔ہم ساری کمیونٹیوں کو ایک لڑی میں پرونا چاہتے ہیں کیونکہ اس ملک اور صوبے کو آگے لے جانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ آپ اچھے شہری ہیں توحکومت کی ذمہ داری ہے کہ آپ کو تعلیم، صحت اور تمام خدمات کے شعبوں میں برابری کی بنیاد پر حصہ دے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرُ فضل کلیسہ خٹک کالونی بدرشی نوشہرہ میں جشن کرسمس کی دُعائیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع ناظم لیاقت خٹک اور پرُ فضل کلیسہ کے مرکزی چیرمین ڈاکٹر پرویز سہیل ، پاسٹر جان عالم، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اقلیتی امور روی کمار نے خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر ممبران ضلع کونسل قاضی واجد، ذوالفقار خٹک، ویلج ناظم سید علی خٹک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضل حسین، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحمید سمیت دیگر مقامی ممبران اور عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتی برادری کیلئے تعلیم اور دیگر شعبوں میں 5 فیصد کا کوٹہ ہے اس پر عمل درآمد جاری رہے گا تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ کوٹہ سسٹم ایک امتیازی سلوک ہے ۔ہم جب ملک اور صوبہ بنانے کی بات کر تے ہیں توہم برابری کی بات کرتے ہیں اسلئے ہر کمیونٹی کو اپنے آپ کو مقابلے کیلئے تیار کرنا ہو گا۔کیونکہ کوٹہ سسٹم ایسا تاثر دیتا ہے کہ کوئی سسٹم سے اپنے آپ کو علیحدہ سمجھتے ہیں یا سسٹم اس سے امتیاز برت رہا ہے جس کے ہم خلاف ہے۔ ہم سب کیلئے انصاف کی بات کرتے ہیں جو بلاتفریق ہو اور حقدار کا حق محفوظ ہو ۔انہوں نے کہاکہ غریب لوگوں کی خدمت کر کے اُن کے مصائب اور تکالیف کم کرکے مجھے اطمینان قلب ہوتا ہے اور میر ی خوشی دیدنی ہوتی ہے۔میری ذمہ داری پورے صوبے کے لوگوں کو حق و انصاف دینا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے مل کر صوبے کے حقوق کی جنگ لڑنی ہے۔صوبے کے حقوق واگزار کرنے ہیں، صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامرن کرنا ہے اور اس کیلئے میں دن رات لگا رہتا ہوں۔ہم نے مل کر خوشحال پاکستان خوشحال خیبر پختونخوا کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے اور اس کو پورا کرنے کیلئے ہم سب نے اپنی استعداد سے بڑھ کر کام کرنا ہے ۔غلط کاموں کو روکنا ہے ، غلط روایات کے آگے بند باندھنا ہے ، حق و انصاف کی آواز بلند کرنی ہے اور برائی کی آواز کو ختم کرنا ہے ۔اس موقع پر کلیسہ کے بانی نے وزیراعلیٰ کی شرکت کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ہم اقلیتوں کے حقوق کیلئے صوبائی حکومت کی کاوشوں کے معترف ہیں۔ ہمیں مکمل آزاد ی حاصل ہے ۔وزیراعلیٰ نے تقریب میں کرسمس کیک بھی کاٹا ۔ انہوں نے حکیم آباد میں تعلیم کیلئے جگہ دینے اور نوشہرہ میں گیس کا مسئلہ حل کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں