223

پشاور اور چترال میں غیر قانونی اڈہ مالکان کا قبلہ درست کیا جا ئے، شبیر احمد تجار رہنما چترال

چترال / تجار رہنما شبیر احمد نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ دسمبر سے مارچ تک ہر سال لواری ٹنل شیڈول میں بے قاعدگی اور پشاور میں غیر قانونی اڈا مالکان کی من مانیوں کی وجہ سے چترال کے عوام گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں۔چترال کے عوام نے جنرل الیکشن اور بلدیاتی انتخابات کے ذریعے جن نمائندوں کو منتخب کر چکے ہیں وہ چترال کے عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ ان دنوں ہمارے نمائندہ گان موسم سرما کی چھٹیاں منانے اسلام آباد اور پشاور میں ڈیرے جما ئے ہو ئے ہیں ۔ ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ چترالی عوام لواری ٹنل میں جیے یا مریں۔اُنہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے منگل کے روز ٹنل میں دوسالہ بچے کی ہلاکت اوردیر بالا میں جو نا خوشگوار واقعہ چترالی عوام کے ساتھ پیش آیا یہ صرف ہمارے نمائندوں کی بے حسی کی وجہ سے پیش آیا حالانکہ پشاور میں ان غیر قانونی اڈہ مالکان کے خلاف کئی مر تبہ عوامی شکایات موصول ہونے کے باوجود ہمارے نمائندے ٹس سے مس نہیں ہو تے ۔ اور لواری ٹنل کا مسئلہ عوام کے لئے مسلسل درد سر بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے منتخب نمائندے جب چا ہے لواری ٹنل سے سفر کرتے ہیں لیکن عوام کے لئے لواری ٹنل کے شیڈول میں بار بار خلاف ورزی ہمارے منتخب نمائندگان کی نا کامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شبیر احمد نے کہا کہ سیاسی نمائندگا ن اور ضلعی انتظامیہ کو چاہیئے کہ پشاور اور چترال میں غیر قانونی اڈہ مالکان کا قبلہ درست کریں۔ اور ضلعی انتظامیہ چترال بازار میں غذائی قلت دورکرنے اور چترال بازار میں گران فروشی کا بھی سختی سے نوٹس لیں۔ اگر چترالی عوام کیساتھ ظلم و نا انصافی کا سلسلہ جاری رہا تو تجار برادری جلد ہی اپنی آئندہ کے لایحہ عمل کا اعلان کریگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں