231

چترال میں250بستروں کے ہسپتال کیلئے دو مقامات یعنی سین لشٹ اورقاقلشٹ میں سو ،سو کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی

پشاور(میڈیا ڈیسک) وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کے دو اضلاع چترال اور کوہاٹ میں ہسپتالوں کے قیام کے منصوبے کیلئے اراضی کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت نے شرائط عائد کردی ہے جس کے تحت وفاقی حکومت اس منصوبے کے تشہیری عمل اور تعمیر میں خیبر پختونخوا حکومت کو شریک بنائے یا پھر زمین کی قیمت فراہم کی جائے، اس سلسلے میں وزرات خزانہ کو تحریری طور پر آگا ہ کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں42ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا جس میں دو ہسپتال خیبر پختونخوا میں قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، اس سلسلے میں کوہاٹ اور چترال کاا نتخاب کیا گیا جس کیلئے وفاق نے صوبائی حکومت سے تجاویز اور اراضی کے تعین کی درخواست کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے دونوں اضلاع کی انتظامیہ نے اراضی کا تعین کیا جس کے تحت چترال میں250بستروں کے ہسپتال کیلئے دو مقامات یعنی سین لشٹ اورقاقلشٹ میں سو ،سو کنال جبکہ کوہاٹ میں5سو بستروں کیلئے توغ بالا میں160کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی جس میں چترال میں ایک مقام پر نشان زدہ اراضی نجی ملکیت جبکہ کوہاٹ اور قاقلشٹ میں اراضی حکومت کی ملکیت ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں اب صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وفاق ان منصوبوں کی تشہیر اور تعمیراتی منصوبے میں صوبائی حکومت کو بھی شامل کرے بصورت دیگر اراضی کی قیمت ادا کی جائے کیونکہ خیبر پختونخوا میں جن مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے وہاں کی اراضی نہایت قیمتی ہے بتایا جاتا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اس ضمن میں وفاق کو آگاہ کردیا گیا ہے جس کی روشنی میں یہ مسئلہ حل ہونے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں