269

ملاکنڈ ڈویژن میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے باقاعدہ رجسٹریشن کا فیصلہ؛ہرضلع کے لئے الگ رنگ نمبر پلیٹ ڈیزائن ہونگے/بریگیڈئیر ظفر اقبال

مینگورہ(میڈیا ڈیسک)حکومت نے ملاکنڈ ڈویژن میں موجود نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے باقاعدہ رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں فروری میں اقدامات کا آغاز کیا جائیگا۔ سرکٹ ہاؤس سوات میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاک فوج کے بریگیڈ کمانڈر بریگیڈئرظفر اقبال نے کہا ہے کہ فروری کے پہلے ہفتے سے ملاکنڈ ڈویژن میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی باقاعدہ رجسٹریشن شروع کی جارہی ہے تاہم کٹ گاڑیوں کی کسی صورت جسٹریشن نہیں کی جائے گی ،پہلے سے رجسٹرڈ گاڑیوں کو بھی ازسر نو رجسٹر کیا جائے گا ،کٹ گاڑیاں بنانے والی ورکشاپوں اور مستری خانوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے ہر ضلع میں مخصوص پولیس تھانوں میں اقدامات کررہے ہیں، رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیاں صرف ملاکنڈ ڈویژن میں نقل وحمل کرسکیں گی۔ بریگڈیئر ظفر اقبال نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام سات اضلاع میں این سی پی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کے لئے پاک فوج ،انتظامیہ، پولیس اور محکمہ ایکسائز نے حکمت عملی مرتب کرلی ہے جس کے لئے ہر ضلع میں الگ الگ رنگ کے نمبر پلیٹ ڈیزائن کئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ نمبرپلیٹ کے لئے مینگورہ شہر سمیت ہر علاقے میں مخصوص دکانوں کا انتخاب کیا جائے گا جہاں انتظامیہ کی منظوری سے ہی نمبر پلیٹس بنائی جاسکیں گی انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا مقصد گاڑی مالکان کو تحفظ دینا ہے جس سے اْن کی ملکیت ثابت ہوگی اْنہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ گاڑیوں کا ڈیٹا صوبائی محکمہ ایکسائز کے ساتھ بھی شیئر کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں