232

بروغل کے لوگ سب سے زیادہ حکومتی رحم اورامداد کے مستحق ہیں۔ متاثرین تک ہنگامی امداد پہنچانے کا شکریہ۔ویلیج ناظم امین جان

چترال ( محکم الدین ) ناظم ویلج کونسل بروغل امین جان تاجک نے این ڈی ایم اے ،پی ڈی ایم اے ، پاک فوج ،ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ ، ایم پی اے سلیم خان ، ڈپٹی کمشنر چترال شہاب حامد یو سفزئی ، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ ، ڈی پی چترال اور مقامی میڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ کہ اُن کی کوششوں سے بروغل کے متاثرین تک ہنگامی امداد پہنچانے کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔ اور علاقہ بروغل نے حکومتی توجہ حاصل کی ہے ۔ چترال سے این ڈی ایم اے کی طرف سے فراہم کردہ ہیلی کاپٹر میں امدادی سامان کے ساتھ بروغل جا کر تقسیم کرکے واپس چترال پہنچ کر انہوں نے میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ بروغل میں لوگ انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں ساڑھے چار فٹ برف میں محصور لوگ زندگی کی بنیادی ضروریات اور ادویات سے محروم ہیں ۔ تاہم پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر میں اشیاء خوردونوش اور ادویات علاقے میں پہنچنے کے بعد محصور لوگوں میں نئی زندگی کی اُمید پیدا ہوئی ہے ۔ اور وہ یہ توقع رکھتے ہیں ۔ کہ مزید امدادبروغل جیسے پسماندہ ترین وادی میں پہنچایا جائے گا ۔ اور مشکلات سے دوچار دیگر افراد کو بچانے کی ہر ممکن کو شش کی جائے گی ۔ امین جان تاجک نے کہا ۔ کہ بروغل کے لوگ سب سے زیادہ حکومتی رحم اورا مداد کے مستحق ہیں ۔ کیونکہ وہ بام دنیا پامیر کے دامن میں رہائش پذیر ہیں ، اور بروغل چترال شہر سے 300کلومیٹردور واقع ہونے کی وجہ سے وہ زندگی کے تمام ضروریات سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوڈ پیکیجز اور رضائی و ادویات متاثرین تک پہنچائے گئے ہیں ۔ اور ابتدائی طور پر مسئلہ حل کر دیا گیا ہے ۔ لیکن بروغل کی وسیع وادی میں پھیلی ہوئی آبادی کیلئے یہ امداد ناکافی ہے ۔ اس لئے حکومت ، این ڈی ایم اے ، پی ڈی ایم اے و ضلعی حکومت اس علاقے کے لوگوں پر خصوصی طور پر رحم کریں ۔ انہوں نے حکومت سے بروغل روڈ کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ۔ کہ روڈ کی بندش نے علاقے کے حالات کو بہت زیادہ مشکل بنا دیا ہے ۔ اس لئے روڈ صاف کرکے مقامی لوگوں کی آمدورفت بحال کی جائے ۔ تاکہ وہ خود بھی اپنے لئے راشن اور دیگر اشیاء کا انتظام کر سکیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں