179

این ایچ اے کے زیراہتمام موٹرویز اور ہائی ویز کے 15منصوبے مکمل

اسلام آباد ( اے پی پی)نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) نے گذشتہ تین سالوں کے دوران ملک میں موٹرویز اور ہائی ویز کے 15منصوبے مکمل کئے ۔ این ایچ اے کے ترجمان کاشف زمان نے ہفتہ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دسمبر 2016ء میں بسمہ ، ناگ ، پنجگور اور حوشاب ہائی وے (این85)کو 18.6ارب روپے کے اخراجات سے مکمل کیا گیا ہے ،یہ منصوبہ 2007ء میں شروع ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فروری 2016ء میں 193کلو میٹر گوادر حوشاب سیکشن (ایم 8)کا بقیہ کام 13ارب روپے کے اخراجات سے مکمل کیا گیا ہے ۔ اسی طرح قلات ، کوئٹہ اور چمن 111کلو میٹر طویل شاہراہ کو دسمبر 2016ء میں مکمل کیا گیا ۔ ترجمان نے بتایا کہ سال 2015ء میں ملتان – فیصل آباد موٹر وے کے دو سیکشن مکمل کئے گئے ۔ اسی طرح خانیوال تا ملتان 56کلو میٹر طویل سیکشن کو مارچ 2015ء میں 12ارب روپے کی لاگت سے اور نومبر 2015ء میں فیصل آباد گوجرہ سیکشن کو 9.6ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال کے دوران این ایچ اے نے ایک اور اہم منصوبہ مکمل کیا اور 6.3ارب روپے کی لاگت سے قراقرم ہائی وے کے 144کلو میٹر طویل (رائے کوٹ) تا (تھا کوٹ سیکشن ) کو اپ گریڈ کیا گیا ۔ اس سے پہلے قراقرم ہائے وے کے خنجراب ، رائے کوٹ سیکشن کو نومبر 2013ء میں 5.1ارب اور ستمبر 2015ء میں 27.5ارب روپے کی لاگت سے عطاء آباد ٹنل کا منصوبہ مکمل کیا گیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ اتھارٹی ملک میں موٹرویز اور ہائی ویز کے کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس سے ملک میں آمدورفت کے ذرائع اور بنیادی ڈھانچے کے شبعہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں