205

حویلیاں حادثہ : جہاز کا انجن خراب ہونے کی تصدیق

حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے اے ٹی آر طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ میں طیارے کے انجن کی خرابی کی تصدیق ہوگئی۔ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیکرٹری سول ایوی ایشن عرفان الٰہی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 کو پیش آنے والے حادثے سے متعلق مزید تحقیقات کے لیئے طیارے کا انجن کینیڈا بھیج دیا گیا ہے۔سینیٹ کی قوائد ضوابط کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد سیکرٹری سول ایوی ایشین نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے اے ٹی آر طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ میں طیارے کا انجن خراب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اے ٹی آر طیارے کے ایک انجن نے دوران پرواز کام کرنا چھوڑ دیا تھا، دوران پرواز کاک پٹ میں طیارے کے عملے کو انجن خراب ہونے کا علم ہو چکا تھا، اور عملے کے درمیان انجن کی خرابی سے متعلق گفتگو بھی ہوتی رہی، کچھ دیر بعد عملے کی جانب سے ایمرجنسی کال میں طیارے کا انجن خراب ہونے کی اطلاع دی گئی۔سیکرٹری سول ایو ایشن نے بتایا کہ بلیک باکس کی رپورٹ میں طیارے کے جن حصوں کے ممکنہ طور پر خراب ہونے کا امکان نظر آیا ہے ان تمام حصوں کو مزید تحقیقات کے لیئے فرانس اور انجن کو کینڈا بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے حوالے سے 3 ماہ میں کسی حتمی نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔واضح رہے کہ 7 دسمبر 2016 کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 661 چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حویلیاں کے قریب پہاڑ پر گر کر تباہ ہوگئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں