265

چترال میں شعبہ صحت میں جو مثبت گزشتہ ڈھائی سالوں میں رونما ہوئی ہیں/ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر چترال ڈاکٹر اسرار اللہ

چترال )(نمائندہ ڈیلی چترال ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر چترال ڈاکٹر اسرار اللہ نے کہا ہے کہ چترال میں شعبہ صحت میں جو مثبت گزشتہ ڈھائی سالوں میں رونما ہوئی ہیں ،ماضی میں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی اور اب دفتر کا نظام کرپشن سے مکمل طور پر پاک ہونے اور شفاف ہونے پر ضلعے کے دور دراز دیہات میں واقع ہسپتالوں میں اس کے ثمرات واضح ہورہے ہیں اور ضلعے میں ڈاکٹروں کی کمی کا پورا ہونا ان انقلابی اقدامات میں سے ایک ہے۔ منگل کے روز رورل ہیلتھ سنٹر کوغذی کی اسٹرنتھننگ کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کو کٹیگری اے میں ترقی دینے کی کوششوں کے ساتھ اس میں ڈائیلاسز مشین کو چالو کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ یہاں سے کسی کو مزید علاج کے لئے پشاور او ر دوسرے شہروں میں نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ کوغذی چترال شہر کا مضافاتی گاؤں ہے جہاں ہسپتال کا نظام بہتر ہونے سے ڈی ایچ کیو ہسپتال پر رش کو کم کیا جاسکے گا اور یہی وجہ ہے کہ آرایچ سی کوغذی میں ابھی بیک وقت پانچ میڈیکل افیسرز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی اور دوسری سہولیات بھی بتدریج مہیا کئے جائیں گے۔ اس سے قبل ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر محمد اقبال نے کہاکہ گزشتہ ماہ جب وہ کوغذی آئے تو ہسپتال بند تھا جسے دوبارہ چالوکردیا گیا ہے اور اب علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات عوام کو مہیا کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر موجود کوہ یونین کونسل سے تعلق رکھنے والے ممبر ضلع کونسل مولانا عبدالرحمن، تحصیل کونسل ممبر عبدالقیوم شاہ اور شریف احمد کے علاوہ ویلج ناظمین عبدالرحمن ، صادق ، معتبر ، خواجہ امان اللہ نے کہاکہ کوہ یونین کونسل میں واقع اس واحد آرایچ سی کی بہتری اور یہاں سہولیات کی فراہمی کے لئے وہ اپنے اپنے ترقیاتی فنڈز میں سے اس ہسپتال کے لئے رقم مختص کردیں گے۔ علاقے کے معروف سماجی وسیاسی شخصیات حاجی صفدر علی کاش، عبدالغفار لال، قاضی محمد نسیم اور کوہ انٹگریٹڈ ڈیویلپمنٹ پروگرام کے چیرمین عبدالغفار نے خطاب کرکے علاقے کے معروف شخصیت شریف حسین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ اجتماع وقت کی اہم ضرورت تھی۔ اس موقع پر تحصیل ناظم مولانا محمد الیاس نے بھی خطاب کرتے ہوئے اس علاقے کی ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چترال کی طرف سے ہر ممکن تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں