220

سوات میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا

مالا کنڈ: سوات میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ، مہم کے دوران نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی عارضی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن ہو گی۔سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں اس وقت ہزاروں کی تعداد میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں سڑکوں پر نظر آتی ہیں، ان گاڑیوں کی تعداد اور انہیں قانون کے دائرہ میں لانے کیلئے فوج، پولیس اور محکمہ ایکسائز کے تعاون سے مینگورہ میں عارضی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔ مینگورہ کے آپریشن کمانڈر بریگیڈئیر ظفر اقبال اور ڈی آئی جی ملاکنڈ اختر حیات خان نے کہاہے کہ رجسٹریشن کے عمل سے سیکورٹی کی صورتحال مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی، کوشش کریں گے کہ 3 سے 4 مہینے میں یہ عمل مکمل کیا جائے، اس سے دہشت گردی کے مسائل حل کرنے میں بھی آسانی ہوگی، سڑک پر چلنے والی گاڑی کی شناخت اور گاڑی کے ساتھ مالک کا رشتہ ہونا ضروری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں ایک ماہ میں تقریباً 40 ہزار گاڑیوں کی رجسٹریشن ہو گی، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے مالکان نے بھی رجسٹریشن کے عمل کو خوش آئند قرار دیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں رجسٹریشن کا یہ عمل سوات کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام علاقوں تک پھیلایا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں