216

تعلیم اورصحت کے شعبوں کی بہتری موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)نے اندرون ملک اور بیرون ملک سے ماہرین طب کی معاونت سے میڈیکل ایجوکیشن کے شعبے میں اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق جدت اور اصلاحات کا جو عمل شروع کر رکھا ہے اس سے نہ صرف طبی تعلیم کامعیار بلندہوگا بلکہ اس سے صوبے کی عام آبادی کو صحت اور علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی دستیابی میں بھی مدد ملے گی اورکے ایم یو پشاور نے میڈیکل ایجوکیشن میں اصلاحات اور سٹینڈرڈائزیشن کاجوسلسلہ شروع کررکھا ہے ا س سے صحت کے شعبے میں حوصلہ افزاء نتائج کی توقع ہے۔ وہ کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ پروفیشن ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ پانچویں تین روزہ بین الاقوامی میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد حفیظ للہ اور پروفیسر ڈاکٹر گوہر واجدکے علاوہ مختلف جامعات اورمیڈیکل کالجز کے سربراہان،ماہرین طب، فیکلٹی اور طلباء وطالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں میڈیکل ایجوکیشن کاشعبہ کئی وجوہات کی بناء پر نظرانداز رہاہے لیکن اب کے ایم یو کی کوششوں سے طبی تعلیم کے نصاب،امتحانات اور تحقیق کے شعبوں میں جو نئی اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں امید ہے ا ن کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے۔اقبال ظفر جھگڑا نے کہاکہ تعلیم اورصحت کے شعبوں کی بہتری موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس ضمن میں کے ایم یو سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ہرممکن تعاون اور سرپرستی کاسلسلہ جاری رکھاجائیگا۔انہوں نے کانفرنس میں ملک بھر کے علاوہ ملائشیا،آسٹریلیا،برطانیہ اور سعودی عرب سے طبی ماہرین کی شرکت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی اس کانفرنس کی تھیم کی روشنی میں ہمیں اپنی مقامی ضروریات کے مطابق بین الاقوامی معیار کاطبی نصاب بنانے کا موقع میسر آئے گا۔ قبل ازیں افتتاحی کلمات اداکرتے ہوئے کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ نے کہاکہ کے ایم یو نے دس سال کے دوران صحت کے مختلف شعبوں کو قریب لانے اور ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنے کا جو کامیاب تجربہ کیا ہے اس کو ہرسطح پر سراہاجارہاہے اورتوقع ہے کہ ا س سے میڈیکل ایجوکیشن کے شعبے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں