387

جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل نادر خان نے چترال سکاؤٹس ہسپتال میں ہیلی کاپٹر کی کرش لینڈنگ سے زخمی ہو نے والوں کی عیادت کی

 چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) بالائی چترال میں گذشتہ روز ہیلی کاپٹر کی کرش لینڈنگ سے زخمی ہو نے والے افراد کو دوسرے ہیلی کاپٹر کے ذریعے چترال سکاؤٹس ہسپتال پہنچایا گیا ۔ جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور روانہ کر دیا گیا ہے ۔ جہاں اُن کا علاج جاری ہے ۔ جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل نادر خان نے چترال سکاؤٹس ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی ۔ اور انہیں تسلی دی ۔ درین اثنا سیلاب سے متاثرہ علاقہ گرم چشمہ کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا گیا ۔ جس میں اشیاء خوردو نوش و دیگر اشیاء شامل تھے ۔ اس موقع پر گرم چشمہ میں فری میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ جس میں آرمی اور چترال سکاؤٹس کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل ایسو سی ایشن نے مریضوں کی تشخیص اورانہیں علاج معالجے کی سہولت فراہم کی ۔ مریضوں اور مقامی لوگوں نے پاک آرمی اور چترال سکاؤٹس کی طرف فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد اور راشن کی فراہمی پر اُن کی تعریف کی ۔ جبکہ ہفتے کے روز بمبوریت ، رمبور ، کوشٹ ، کریم آباد اور کھوت میں بھی متاثرین تک راشن پہنچایا گیا اور اُن کی تقسیم کی گئی ۔ ریلیف میں خوراک اور دیگر اشیاء کی تقسیم کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ دن رات جاری ہیں ۔ اور چترال سکاؤٹس و آرمی کی طرف سے واٹر ٹینک مختلف علاقوں میں گشت کر رہے ہیں اور متاثرہ لوگوں کو پانی سپلائی کررہے ہیں ۔ جس سے پانی کا مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔گرم چشمہ شغور تک پہنچنے کیلئے ایف ڈبلیو او ،ایف سی اور مقامی کمیونٹی کی مشترکہ کوششوں سے ٹریک بحال کر دیا گیا ہے ۔ جس کے نتیجے میں لوگوں کی مشکلات میں پہلے کی نسبت بہت حد تک کمی آئی ہے ۔ تاہم ایف ڈبلیو او دن رات روڈ کی بحالی میں سرگرم عمل ہے ۔ اپر چترال کے سیلاب سے متاثرہ علاقہ ریشن جہاں پُل بہہ جانے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا ۔ ہنگامی طور پر سٹیل پُل تعمیر کرکے کوراغ میں بلاک شدہ روڈ تک آمدورفت بحالی کر دی گئی ہے ۔ جبکہ روڈ کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ لائن ڈیپارٹمنٹ کو بحالی کے کاموں کے سلسلے میں الرٹ کیا گیا ہے ۔ اور سی اینڈ ڈبلیو ، این ایچ اے ، پبلک ہیلتھ و ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کو بحالی کے کاموں کے سلسلے میں خصوصی ہدایات دیے گئے ہیں ۔ فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور یو ٹیلٹی سٹورز پر کڑی نظر رکھی گئی ہے ۔ اورایون ،بمبوریت و رمبور میں ڈیلیوری پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں ۔ اپر چترال کے خورا ک کے مسائل حل کرنے کیلئے گلگت سے شندور کے راستے گندم اور یوٹیلٹی سٹور کی اشیاء مہیاء کئے جارہے ہیں ۔ جبکہ روزانہ کی بنیاد پربمبوریت اور گرم چشمہ کے لوگوں کویو ٹیلٹی سٹور ز کے موبائل سیل پوائنٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں