171

پشاور ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو پولٹری ریٹ از خود مقرر کرنے سے روکتے ہوئے اس کےلئے کمیٹی بنانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

عدالت عالیہ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس سید افسر شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے یہ احکامات گزشتہ روز ایڈوکیٹ ظفر طاہر خیلی کی وساطت سے پولٹری فارمز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر رٹ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جاری کئے۔سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور محکمہ لائیو سٹاک ملکر پولٹری کے وہ ریٹ مقرر کرتے ہیں جو پنجاب میں ہیں انہوں نے بتایاکہ پنجاب کے ریٹ یہاں کیسے مقرر کئے جاسکتے ہیں کیونکہ پنجاب سے پولٹری پشاور منتقل کرنے کےلئے اس پر ٹرانسپورٹیشن سمیت دیگر اخراجات بھی آتے ہیں ،فی کلو پولٹری پر 30 سے 40 روپے اضافی اخراجات آتے ہیں، انہوں نے عدالت کو مزید دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا کنزیومر ایکٹ کے سیکشن 8 کے تحت ڈسٹرکٹ گونمنٹ اور لائیو سٹاک اس وقت تک پولٹری کے ریٹ مقرر نہیں کرسکتے جب تک صوبائی حکومت پولٹری کے ریٹ مقرر کرنے کےلئے باقاعدہ کمیٹی بنانے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کردیں،۔

فاضل عدالت نے ڈی سی پشاور کو صوبائی حکومت کی جانب سے پولٹری ریٹ مقرر کرنے کےلئے باقاعدہ کمیٹی بنانے تک پولٹری کے ریٹ مقرر کرنے سے روکتے ہوئے رٹ نمٹا دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں