220

کے پی حکومت کا ہیلتھ ملازمین کو 5 تا10 ہزار الاونس دینے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ہسپتالوں اورمحکمہ صحت کے گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کو ہیلتھ پروفیشنل الاونس (ایچ پی اے) کی بجائے ہیلتھ ہیلپ کمپنسیٹیو ( ایچ ایچ سی اے) الاونس کے ٹائٹل سے نیا الاونس دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نئے الاونس کے تحت سکیل ایک سے گیارہ تک کے ملازمین کےلئے ماہانہ 5 ہزار روپے اور سکیل 16 تک ملازمین کے لئے 10 ہزار روپے کے الاونس کے اجرا کی تجویز دی گئی ہے اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کو سمری ارسال کی جارہی ہے جہاں سے منظوری کے بعد حتمی منظوری کےلئے محکمہ خزانہ کو ارسال کیا جائے گا ۔ اس سمری کی منظوری کے بعد صوبہ بھر کے 23 ہزار ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نائب قاصدوں اور سپرنٹنڈںٹس تک کے ملازمین نے ہیلتھ پروفیشنل الاونس نہ ملنے کے خلاف صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں او پی ڈیز سے بائیکاٹ کرتے ہوئے ہڑتال کیا تھا ، ہڑتال کے باعث مریضوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا تھا جبکہ حکومت نے ہڑتالی ملازمین سے ایک ہفتے کی تنخوا بھی کاٹ دی تھی تاہم بعد ازاں حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ملازمین نے 10 روز کےلئے اپنا احتجاج موخر کردیا تھا ، اس معیاد میں ابھی 3 دن باقی تھے کہ حکومت نے ملازمین کےلئے اعلان کردیا۔یاد رہے کہ ملازمین نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اور نرسنگ سٹاف کےلئے الاونس جاری کرنے کے بعد یہ مطالبہ کیا تھا کہ ان کوبھی الاونس دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں