214

خواتین کاروباری سرگرمیوں میں عملی طور پر شریک ہوں تاکہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے ۔رکن قومی اسمبلی ساجدہ ذولفقار خان

پشاور(چترال )خاتون رکن قومی اسمبلی اور خیبرپختونخوا ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی بانی صدرساجدہ ذوالفقار خان نے صوبے کی خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ کاروباری سرگرمیوں میں عملی طور پر شریک ہوں تاکہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے اور غربت اور بیروزگاری کی شرح کم سے کم سطح پر لائی جا سکے ۔انہوں نے کہاکہ خواتین ہماری آبادی کی 60 فیصد سے زائد شرح پر آگئی ہیں اور اُن کی کاروباری سرگرمیوں کی بدولت صوبے سے پسماندگی کا داغ دھونے کے علاوہ خیبرپختونخوا میں خواتین کے استحصال اور زیادتیوں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں قائم کمپلینٹ و رڈریسل سیل میں مختلف مسائل اور شکایات کے سلسلے میں آنے والیخواتین اور ٹیلی فون پر شکایات کا اندراج کرنے والے افراد سے بات چیت میں کیا۔ساجدہ ذوالفقار نے کمپلینٹ سیل میں مصروف دن گزارا اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ۔انہوں نے عوامی مسائل کے ازالے کے سلسلے میں کمپلینٹ سیل کے چیئرمین حاجی دلروز خان اور وائس چیئرمین مکرم آفریدی کی کوششوں کو بھی سراہا۔تعلیمی سہولیات سے متعلق ایک شکایت پر انہوں نے کہاکہ سکولوں میں غائب سہولیات کی تکمیل کیلئے تعمیر سکول پروگرام صوبائی حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے جس کی بدولت سرکاری سکولوں میں پنکھوں ، پانی ، ٹائلٹ اور باونڈری وال سمیت تمام سہولیات کی کمی دور ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ لڑکیوں کی تعلیم کا معیار بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات بھی قابل ستائش ہیں۔ساجدہ ذوالفقار نے بتایا کہ ان کے حالیہ دورہ جاپان کے دوران جاپانی حکومت نے خیبرپختونخو امیں سرکاری سکولوں کے باونڈری وال کیلئے ایک ارب روپے کے عطیے کی منظوری دی ہے جس میں 25 کروڑ روپے کی پہلی قسط صوبائی حکومت کو موصول ہو چکی ہے ۔اسی طرح اُن کی کوششوں سے صوبائی حکومت نے خواتین کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کیلئے ون ڈسٹرکٹ ون پراڈکٹ کے نام سے پالیسی کا آغاز کیا ہے جس کے تحت خواتین کو مختلف ہنر اور مصنوعات کی تیاری کیلئے تربیت کے علاوہ مالی معاونت مہیا کی جائے گی اور اُن کی مصنوعات کی مارکیٹنگ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کیلئے قائم کارپوریٹ ادارے ازمک میں بھی خیبرپختونخوا کی خواتین سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی شعبہ قائم کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں