225

تحریک انصاف کے رہنماء پی آئی ڈی میں میرے ساتھ بیٹھ کر پریس کانفرنس کریں انہیں اجازت مل جائے گی ، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں گورنمنٹ آفیشلز اور وزرا کو پریس کانفرنس کی اجازت ہے، تحریک انصاف کے رہنماءاگر پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنا چاہتے ہیں تو وہ میرے ساتھ بیٹھ کر پریس کانفرنس کریں انہیں اجازت مل جائے گی۔وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنے کے معاملے پر نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سستی شہرت کے لئے روزانہ نئے ڈرامے کرتی ہے، پی آئی ڈی کے قوانین اور پریس کانفرنس کی اجازت کے حوالے سے حکومت نے تحریک انصاف کی قیادت کو خط کے ذریعے مطلع کر دیا تھا۔ تحریک انصاف کو قوانین کی پاسداری کرنی چاہئے، اونچی آواز میں بات کرکے اور گالیاں دے کر اداروں کو دباﺅ میں نہیں لیا جا سکتا۔مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے آج بھی پریس کانفرنس کی اجازت کے لئے محض15منٹ پہلے کسی کے ذریعے خط بھجوایا۔ انہیں بتایا کہ ابھی طارق فضل چوہدری پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کو قوانین کی خلاف ورزی کی عادت پڑ گئی ہے۔ صرف خبروں میں رہنے کے لئے تحریک انصاف روزانہ کی بنیاد نت نئے ڈرامے کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں