208

چترال کے بنکوں میں نئے کرنسی نوٹ کی عدم دستیابی؛صارفین کو مشکلات کا سامنا

دروش(نامہ نگار)ضلع چترال بالخصوص دروش کے کاروباری حلقوں نے اسٹیٹ بنک کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چترال کے بنکوں میں نئے کرنسی نوٹ ناپید ہیں جبکہ دستیاب گردشی نوٹ مخدوش اور ناقابل استعمال ہیں جسکی وجہ سے صارفین بالخصوص چھوٹے کاروباری حلقوں اور ٹرانسپورٹ سے منسلکہ افراد سمیت عام صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے مگر بدقسمتی سے اس حوالے سے کوئی توجہ دینے والا نہیں۔اس حوالے سے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت سعیداللہ نے کہا کہ ماضی میں چترال کو کرنسی نوٹوں کی فراہمی کا نظام بہتر تھا اور ایک منظم طریقے سے بنکوں کو نئے کرنسی نوٹ فراہم کئے جاتے تھے مگر پچھلے چند سالوں سے اسٹیٹ بنک نے سابقہ طریقہ کو تبدیل کیا ہے جسکی وجہ سے اب چترال کو نئے کرنسی نوٹ نہیں مل رہے ہیں جبکہ گردشی نوٹوں کی حالت مخدوش اور ناقابل استعمال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ساری صورتحال سے تمام صارفین بالخصوص کاروباری طبقے کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور عملاً 10,20,50 اور 100روپے کے نوٹوں کی تبدیلی نا ممکن ہو چکی ہے۔ انہوں نے اسٹیٹ بنک کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چترال کے کاروباری حلقوں اور عام صارفین کو درپیش اس اہم مسئلے کو حل کرنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں اور سابقہ طریقہ کار کو بحال کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں