200

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹنینٹ جنرل عمر محمود حیات کی زیر صدارت خصوصی اجلاس

پشاور : پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، خیبرپختونخوا رواں سال 2017 کے مون سون بارشوں و سیلاب سے ممکنہ نقصانات میں کمی لانے کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل د ے رہا ہے۔اس سلسلے میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹنینٹ جنرل عمر محمود حیات کی زیر صدارت خصوصی اجلاس بمورخہ11 مئی2017 کومنعقد ہوا جس میں سیکرٹری آر، آر اینڈایس ڈیپارٹمنٹ احمدحنیف اورکزئی، ڈی جی پی ڈی ایم اے اورڈی جی ایف ڈی ایم اے سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے صوبہ خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں ،سیلاب اور اقدامات کے حوالے سے چیئرمین این ڈی ایم اے کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے حساس اضلاع جن میں پشاور، نوشہرہ،چارسدہ،ڈیرہ اسماعیل خان، چترال، سوات، شانگلہ، دیر اپر، دیر لوئر شامل ہیں کو فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں اوربہ وقت ضرورت امدادی سرگرمیوں کے لئے اضافی فنڈز کا اجراء بھی کیا جا ئے گا۔ انہوں نے مز ید کہا کہ پی ڈی ایم اے کے پا س ریلیف سامان جن میں خیمے، کمبل، چٹائیاں، ایمرجنسی سے نمٹنے کی اشیاء وافر مقدارمیں مو جو د ہیں جوضرورت کے مطابق متاثرہ اضلاع کو فراہم کئے جائینگے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کوحال ہی میں تو سیع شدہ پرا و نشل ایمرجنسی آپر یشن سنٹر کا دورہ کر وایااور انہیں متعلقہ معلومات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ پرا و نشل ایمرجنسی آپر یشن سنٹرکا قیا م یو این ڈی پی ، جاپان او ر یو رپین کمشن کی مالی معاونت سے جون 2012 میں عمل لایا گیاتھا۔تاہم صوبے میں قدرتی آفا ت کے تواتر سے واقع ہونے اور غیر متعلقہ موسمیاتی تغیر اور گلوبل وارمنگ کے صوبے پرمنفی اثرات سے نمٹنے کے لئے اس بات کی شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ پی ای او سی کو تکنیکی اور سائنسی بنیادوں پر استوار کرکے اس کی توسیع عمل میں لائی جائے۔ توسیع شدہ منصوبے کے نتیجے میں پی ڈی ایم اے کا پی ای او سی تمام ضلعی انتظامیہ اور ذیلی محکموں کے ساتھ ایک مربوط مر کز کی شکل اختیار کر لے گا اور کسی بھی قدرتی آفت کے آنے سے پہلے ، اس کے دوران ، اور بعد میں قیمتی انسانی جانوں اور اہم املاک کے بچاؤ کا باعث بنے گا۔ پی ڈی ایم اے ، پی ای او سی میں شاٹ کوڈ1700 کے اجراء کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ ایس ایم ایس سروس کا بھی آغاز کیا گیاہے۔ جس کے ذریعے پیشگی خبرداری کے نظام میں بہتری آئیگی۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے مز یدکہا کہ تمام متعلقہ محکموں میں فلڈ کنٹرول رومز کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے جو پورے مون سون میں پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں ہونگے اور بروقت امدادی سرگرمیاں شروع کرنے میں بھر پور کردار ادا کرینگے۔اجلاس کو فاٹا میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کے حوالے سے تیاری کے باے میں بھی بتایا گیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹنینٹ جنرل عمر محمود نے پی ڈی ایم اے کی پیشگی منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں این ڈی ایم اے امدادی سرگرمیوں میں بھر پور معاونت فراہم کریگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں