206

اور: آصف علی زرداری نے حکومت کو انتخابی اصلاحات کے لئے ایک ہفتے کا الٹی میٹم دے دیا

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے دورہ پشاور کے موقع پرنوازحکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے لیکن موجودہ حکومت فاٹا اصلاحات کے حوالے سے مخلص نہیں ہے۔ انہوں نے فاٹا اصلاحات کے موجودہ معاملے کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں پر سیاست ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے فاٹا میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا نہ اسے قبائلی عوام کے مسائل کی کوئی فکر ہے۔ سابق صدر کا کہناتھا کہ حکومت فاٹا کا صوبے میں انضمام نہیں چاہتی بلکہ فاٹا سے صوبائی اسمبلی کے لیے پر کٹے ارکان منتخب کر کے صرف حکومت اپنے قبضے میں لینا چاہتی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک میں بادشاہت قائم ہے جبکہ ہم نے ہمیشہ آمریت کا مقابلہ کیا ہے اورپاکستان میں ہمیشہ جمہوریت قائم رہے گی سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف تھر سے کوئلہ نکال کر ساہیوال میں زمینوں کو خراب کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر صوبے مضبوط ہوں گے تو فیڈریشن بھی مضبوط ہوگا لیکن وزیراعظم کے خیال میں اسلام آباد مضبوط ہے تو ملک مضبوط ہوگا۔آصف زرداری کا کہناتھاکہ اس دفعہ میں وارننگ دیتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کے کارکن انتخابات میں پولنگ سٹیشن پر بیٹھے رہینگے۔ بعدازاں آصف علی زرداری نے اے این پی کے رہنما مرحوم حاجی عدیل اور پی پی کے رہنما افتخار جھگڑا کے اہل خانہ کیساتھ تعزیت بھی کی ۔ آصف علی زرداری پشاورمیں چار روز قیام کرینگے جس میں وہ مختلف جہگوں پر پی پی کے کارکن اور رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتیں کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں