224

سرکاری سکولوں میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں محمد عاطف خان

صوبائی وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں جس کا بین ثبوت گذشتہ دوسال میں پرائیویٹ سکولوں سے ایک لاکھ سے زیادہ بچوں کی سرکاری سکولوں میں واپسی ہے ۔سیکنڈری بورڈز کے نظام کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور بورڈز کے لیے 1960 میں بنائے گئے فرسودہ قانون میں ترمیم کرکے اس کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے ۔وہ مردان تعلیمی بورڈ میں میٹرک اور ایف اے ،ایف ایس سی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مختلف سرکاری سکولوں اور کالجوں کے طلبہ وطالبات میں میڈلز اور سکالر شپ کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر وزیر تعلیم محمد عاطف خان ،بورڈ کے چیئرمین پروفیسر شوکت حیات ، کرنل شیر خان کیڈٹ کالج کے پرنسپل کرنل (ر) طاہر نجیب راجہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضیاء الدین اور کنٹرولر محمد علی نے مختلف سکولوں اور کالجوں کے 41 طلبہ وطالبات میں فی کس تین لاکھ 60ہزار روپے کے چیک اور میڈلز تقسیم کئے۔وزیر تعلیم نے اس موقع پر بورڈ آفس میں سٹوڈنٹس انفاریشن سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر کو بورڈ میں اب تک کئے گئے اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے بریفنگ بھی دی گئی ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ سرکاری سکولوں پر عوام کے اعتماد کی بحالی ایک مثبت پیش رفت ہے ،اگلے مالی سال سے بورڈ کی سطح پر پوزیشن حاصل کرنے والے سرکاری سکولوں کے طلبہ وطالبات کی انعامی رقم پہلی پوزیشن کے لیے دس لاکھ روپے ،دوسری پوزیشن کے لیے پانچ لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن کے لیے تین لاکھ روپے کررہے ہیں تاکہ ذہین طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی ہو ۔اُنہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کے معاملات کو درست کرنے اور ان کو ایک ضابطے کے تحت لانے کے لیے پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جارہی ہے جس میں دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ ساتھ نجی سکولوں کے مالکان کے چار نمائندے بھی شامل ہوں گے کیونکہ ان سکولوں کے حوالے سے والدین کی شکایات بہت زیادہ ہیں جن کا ازالہ ضروری ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں بورڈ کے چئیرمین اور دیگر عہدوں پر تقرریوں میں بھی سیاسی مداخلت کی جاتی جبکہ ہم نے اس مقصدکے لیے باقاعدہ سرچ کمیٹی بنادی ہے جو پوری چھان بین کے بعد اہل افراد کا میرٹ پر چناؤ کرتی ہے اسی طرح امتحانی نظام کی اصلاح اور مارکنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے صوابدیدی اختیارات ختم کئے جارہے ہیں ۔وزیر تعلیم نے مردان بورڈ کے چیئرمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ مزید دلجمعی سے اصلاحات کے اس عمل کو آگے لے جانے کے لیے کام کریں گے تاکہ پورے صوبے میں اس سے امتحانات کا نظام شفاف بنانے کے لیے حکومت کی کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہوسکیں ۔عاطف خان نے بورڈ کے مختلف امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات ،ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد دی اورتوقع ظاہر کی کہ اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک وقوم کی ترقی اور استحکام کے لیے بروئے کا ر لائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں