255

چترال کے تمامی یوسیز میں چار روزہ این آئی ڈی مہم شروع، 68ہزار 850کم عمر بچوں کو پولیو قطرے اور وٹامن اے کیپسول کھلائے جائیں گے/سٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر نورالاسلام

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) چترال کے تمام چوبیس یونین کونسلوں میں چار روزہ این آئی ڈی مہم شروع ہوگئی جسٍ میں 68ہزار 850کم عمر بچوں کو پولیو قطرے اور وٹامن اے کیپسول کھلائے جائیں گے ۔ جمعہ کے روز ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں منعقدہ ایک تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر نورالاسلام اور یونیسیف پروگرام ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن افیسر ڈاکٹر انعام اور ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ای پی آئی ڈاکٹر ارشاد احمد نے ایک ایک بچے کو پولیو قطرے اور وٹامن کیپسول کھلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔اس موقع پر ڈاکٹر نورالاسلام نے کہاکہ این آئی ڈی مہم کو سوفیصد کامیابی سے ہمکنار کرکے سوفیصد ٹارگٹ تک پہنچنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور فیلڈ اسٹاف کی طرف سے معمولی درجے پر کوتاہی کو بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام اسٹاف کو مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے متعین ڈیوٹی کے علاقوں میں نہ صرف ٹارگٹ تک پہنچنے کی کوشش کریں بلکہ مہم کے آخر میں دوبارہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے علاقے میں ایک بچہ بھی کسی وجہ سے پولیو کے قطرے اور وٹامن کیپسول سے نہ رہ گئے ہوں۔ڈاکٹر ارشاد احمدنے بتایاکہ مہم کے لئے 399موبائل ٹیم، 15ٹرانزٹ ٹیم ا ور 35فکسڈ مقامات پر ٹیمیں دستیاب کئے گئے ہیں جبکہ مانیٹرنگ کے لئے 105ایریا انچارج اور ہر یونین کونسل میں ایک یو سی ایم اوز مقرر کئے گئے ہیں۔ کم عمر کے بچوں اور بچیوں کے لئے وٹامن اے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر گلزار احمد نے کہاکہ یہ مدافعتی نظام کی بہتری، جلد کی صحت، جسمانی نشونما، نظام ہائے تنفس اور انہظام کی درستگی کے لئے ناگزیر ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے قائمقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیض الاعظم ، کوارڈینیٹر فیملی ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر رحمت امان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں