337

جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں خیبر پختونخوا حکومت پر دھاندلی کا بھی کوئی الزام نہیں لگایا تھا/سی ایم

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے قومی وطن پارٹی کی صوبائی حکومت میں شمولیت کی صورت میں کسی موجودہ اتحادی پارٹی سے اتحاد ختم کرنے کے بارے میں شائع شدہ خبر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے اوراس خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔ وزیر ا علیٰ نے اپنے تردیدی بیان میں واضح کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اتحادی پارٹیوں کے ساتھ صوبائی حکومت کا اتحاد خوش اسلوبی سے چل رہا ہے اس لئے کسی اتحادی پارٹی کو خیبر پختونخوا حکو مت سے الگ کرنے کی کسی تجویز کا سوال ہی ختم ہو جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں خیبر پختونخوا حکومت پر دھاندلی کا بھی کوئی الزام نہیں لگایا تھا بلکہ انتخابات میں بد نظمی کی شکایت کی تھی اور خیبر پختونخوا حکومت نے اس شکایت کو درست قرار دیتے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس میں اس شکایت سے اتفاق کیا تھا کیونکہ یہ شکایت پاکستان تحریک انصاف کو بھی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے قومی وطن پارٹی کی صوبائی حکومت میں شمولیت پر پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کے مبینہ تحفظات یا اختلافات کی افواہ کو بھی سراسر غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بھی پارٹی کے اندر کوئی اختلاف نہیں اور کیو ڈبلیو پی کی حکومت میں شمولیت کا معاملہ خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں