349

خیبرپختونخوا حکومت نے حال ہی میں 1470 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے 13 منصوبے سرمایہ کاری کیلئے مشتہر کئے ہیں،سینٹرمحسن عزیز

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)حکومت خیبرپختونخوا اور چین کی اورسیز انوسٹمنٹ یونین نے خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کے فراہم کردہ سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اُٹھانے کیلئے باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے یہ اتفاق رائے چین کی سرمایہ کاری یونین کے 17 رکنی وفد کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کے دوران کیا گیا جو ہفتہ کے روزخیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی سرمایہ کاری یونین کے چیئرمین کی زیر قیادت وفد میں چین کے ماحولیات ، تعمیرات، آئل اینڈ گیس، توانائی کی پیداوار، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے تعلق رکھنے والی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین سینٹر محسن عزیزکے علاوہ صوبائی سیکرٹری انرجی، پشاور انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن و آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ و کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسروں اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی چینی سرمایہ کاروں کو اس موقع پر بجلی کی پیداوار، آئل اینڈ گیس، مواصلات، ٹرانسپورٹ اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع اور بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے دستیاب ترغیبات و سہولیات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا اجلاس کے شرکاء نے چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اُٹھانے کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیااور اس بارے میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا اس سلسلے میں ایک “لیٹر آف انٹینشن” پر باقا عدہ طور پر دستخط بھی کئے گئے حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے بور ڈآف انوسٹمنٹ کے وائس چیئرمین سینٹر محسن عزیز اور چینی سرمایہ کاری یونین کے چیئرمین نے اعلامیے پر دستخط کئے وفد سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے صوبائی حکومت کی پالیسی اور ترغیبات و سہولیات پر تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے بتایا کہ شمالی خیبرپختونخوامیں قدرتی آبی ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں انہوں نے بتایاکہ خیبرپختونخوا حکومت نے حال ہی میں 1470 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے 13 منصوبے سرمایہ کاری کیلئے مشتہر کئے ہیں جبکہ 500میگاواٹ کے چار مزید منصوبے عنقریب مشتہر کئے جائیں گے انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کی فیزبلٹی رپورٹیں بھی تیار کرلی گئی ہیں اور متعدد مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے ان منصوبوں میں گہر ی دلچسپی ظاہر کی ہے انہوں نے کہاکہ مختلف آئل کمپنیوں نے بھی صوبے کے جنوبی اضلاع میں آئل ریفاینریاں قائم کرنے کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا ہے جبکہ آئل اور گیس کی تلاش کیلئے لکی ، کرک،مروٹ اوربسکا میں چار بلاک بھی دستیاب ہیں انہوں نے کہاکہ 83 کلومیٹر سوات موٹروے اور ہاؤسنگ کے شعبے میں دو میگا پراجیکٹ بھی رائلٹی کی بنیاد پر سرمایہ کاری کیلئے بالکل تیار ہیں جن کے لئے حصول اراضی کا عمل بھی مکمل کر لیاگیا ہے انہوں نے بتایا کہ سوات موٹر وے 40 ارب جبکہ پشاور میگا سٹی منصوبہ پر 300 ارب روپے لاگت کا تخمینہ ہے انہوں نے کہا کہ پشاور بس ٹرمینل ، ماس ٹرانسپورٹ سسٹم اور سرکلر ریلوے کے منصوبوں میں محفوظ سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا چینی سرمایہ کاروں کیلئے زیادہ محفوظ جگہ ہے کیونکہ پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا کے عوام چینی باشندوں کو زیادہ عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں