208

معدنی شعبے کی ترقی و فروغ کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لاکر ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض نبھائیں

خیبر پختونخوا کی وزیر برائے معدنی ترقی اور محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے محکمہ معدنی ترقی کے افسران و دیگر عملے پر زور دیا ہے کہ وہ معدنی شعبے کی ترقی و فروغ کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لاکر ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض نبھائیں اور قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند حضرات کو تمام سہولیات فراہم کریں تاکہ صوبے کی معاشی ترقی کا یہ اہم شعبہ اپنے اہداف کو جلد حاصل کرے اور ہمارا صوبہ اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہو سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر پشاور میں محکمہ معدنیات کی کار کردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں سیکرٹری معدنیات سید ظہیرالاسلام شاہ، ڈی معدنیا ت سید محمد شاہ اور ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زنے شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے محکمہ معدنیات ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کی کارکردگی کا سیر حاصل جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پورے ڈویژن کے علاقائی دفاتر میں معدنی لائسنسو ں کے حوالے سے تمام ورکنگ پیپرز کو جلد مکمل کیا جائے جبکہ کوہستان ، مانسہرہ، بٹگرام کے دفاتر میں ایمرجنسی بنیادوں پر ایک ہفتے کیلئے پشاور دفتر سے چیف درافٹسمین کی ڈیوٹی لگائی جائے تاکہ وہاں پر پڑے دفتری کام کو جلد نمٹایا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے فرائض کو اداکریں کیونکہ ہم نے حکومت کے دیئے گئے مالی ہدف کو ہر حالت میں پورا کر نا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ عید الفطر سے پہلے پہلے ان سرمایہ کاروں کوحتمی لائسنس فراہم کیے جائیں جنہوں نے لائسنسوں کیلئے تمام مراحل طے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، تاہم یہ محکمہ کی بھی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی توقعات پر پورا اتر کر معدنی شعبہ کی ترقی و فروغ میں اپنا کر دار ادار کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں