511

مولانا گل نصیب خان کے چھوٹے بھائی زر نصیب خان کو چترال پولیس نے جعلی چیک چترال کے ایک باشندے کو تھمانے پر گرفتار کرلیا

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیرمولانا گل نصیب خان کے چھوٹے بھائی زر نصیب خان ساکن ادینزئی لویر دیر کو ان کے کاروباری ساتھی اسرار الدین کے ساتھ چترال پولیس نے جعلی چیک چترال کے ایک باشندے کو تھمانے پر گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق زر نصیب خان اور اسرار الدین نے ایک سال قبل چترال کی رہائشی ٹھیکہ دار ناصر احمد خان کو ایک کروڑ روپے کے چیک دیئے تھے جوکہ اب تک بنک اکاونٹ میں رقم موجود نہ ہونے کی بنا پر کیش نہ ہوسکے جس پر انہوں نے چترال پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کے الزام میں پرچہ درج کرادیا۔ ناصر احمد خان نے اپنی ٹھیکہ دار ی کی رجسٹریشن اور دوسرے کاغذات کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے34میں ترقیاتی کاموں کا ٹھیکہ لینے کے لئے زرنصیب خان کو دیا تھا لیکن اس نے غیر قانونی طور پر یہ کاغذات اپنے دوست اسرار الدین ٹھیکہ دار کو دے دیا جس نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 29اور 33کے لئے اس کا غیر مجاز استعمال کیا اور ٹھیکے کا کام حاصل کیا لیکن کام میں نقص کی وجہ سے نیب نے ناصر احمد خان کے خلاف کاروائی کی تو زرنصیب خان نے تحریری اقرار نامہ دے دیا کہ انہوں نے یہ کاغذات ناصر احمد خان کی اجازت کے بغیر استعمال کرادیا۔ ناقص کاموں کی وجہ سے ناصر احمد خان کو ڈیڑھ کروڑ روپے ادا کرنا پڑا جسے انہیں واپس کرنے کا ذمہ زرنصیب خان اور اسرار الدین نے لیتے ہوئے گزشتہ سال کے مئی میں بنک چیک دے دیا تھا جوکہ ابھی تک کیشن نہ ہوسکے۔ زرنصیب خان نے ایڈیشنل سیشن جج چترال کے عدالت میں ضمانت قبل آز گرفتاری کے لئے درخواست دے دی تھی جسے خارج کرنے پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں