214

میں نے آج اپنی ایک ایک پائی کا حساب دے دیا، نواز شریف

اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دامن پر کوئی داغ پہلے تھا نہ آئندہ ہوگا ۔ جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر نواز شریف نے کہا کہ میں نے آج اپنی ایک ایک پائی کا حساب دے دیا ، ملکی تاریخ میں آج تک کوئی ایسا خاندان نہیں جس کا تین نسلوں تک احتساب ہوا ہو ، انہوں نے کہا کہ 1972 میں پی پی دور میں ہمارے اثاثے قومیائے گئے ، اس کے بعد پرویز مشرف کی آمریت میں بھی ہمارے اوپر جھوٹے مقدمات بنائے گئے ، حتیٰ کہ ہمارے گھروں پر بھی قبضہ کر لیا گیا ، انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنی چاہے کوششیں کرلیں وہ ناکام و نامراد رہیں گے ۔ میں جب سے وزیر اعظم بنا ہوں اس وقت سے آج تک ملک میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی ہے ، وزیر اعظم نے کہا کہ اس ملک کے عوام نے مجھے تیسری بار وزیر اعظم بنایا ہے یہ ان کے میرے اوپر کئے گئے اعتماد کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پنجاب کا وزیراعلیٰ اور تین بار وزیراعظم بنا ہوں ،اس عرصے میں اربوں کھربوں کے منصوبے میری منظوری سے ہوئے ہیں ،موجودہ دور میں پاکستان میں اتنی سرمایہ کاری ہوئی جو گزشتہ 65سالوں میں نہیں ہوئی لیکن مخالفین کرپشن اورکک بیکس الزام کی حد تک بھی سامنے نہیں لاسکے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ یہ جو کچھ ہو رہا ہے اس کا سرکاری خزانے میں خرد برد یا کرپشن کے کسی الزام سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے خاندان کے نجی اور کاروباری معاملات کو الجھا یا جا رہا ہے ،سرکاری خزانے سے اس کا کوئی لین دین نہیں ہے اور نہ ہی یہ کوئی کرپشن کیس ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ چند دن میں جے آئی ٹی کی رپورٹ بھی سامنے آجائے گی اور عدالت کا فیصلہ بھی آجائے گا لیکن ہم سب کو یاد ہونا چاہیے کہ سب سے بڑی جے آئی ٹی بھی بیٹھنے والی ہے ،یہ جے آئی ٹی بیس کروڑ عوام کی ہے ،ہم سب کو اس جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا ہے ۔اور ان سب سے بڑی عدالت اللہ کی ہے جو ظاہر اور باطن کو جانتا ہے اور کسی جے آئی ٹی کا محتاج نہیں۔نواز شریف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کے فیصلوں کا احترام کیا جائے ،عوام کے فیصلے کو روند کر مخصوص ایجنڈے چلانے والی فیکٹریاں بند نہ ہوئیں تو ملک کی سالمیت بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میں اور میرا خاندان اس جے آئی ٹی اور عدالت میں بھی سرخرو ہو نگے اور عوام کی عدالت میں بھی کامیاب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ اب ہم تاریخ کا پہیہ پیچھے کی طرف موڑنے نہیں دیں گے ،وہ زمانے گئے جب سب کچھ پردے کے پیچھے چھپا رہ سکتا تھا ،اب کٹھ پتلیو ں کے کھیل نہیں کھیلے جا ئیں گے ۔وزیراعظم نے آخر میں کہا کہ لوگوں کے ذہنوں میں کئی سوالات ہیں ،میرے پاس بھی کہنے کو کئی باتیں ہیں جو آنے والے وقت میں کروں گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں