185

پرویز خٹک کا سی پیک منصوبے کے متاثرین کو زمینوں کا معاوضہ قانون کے مطابق ادا کرنے کی ہدایت

پشاور/وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے سی پیک منصوبے کے متاثرین کو زمینوں کا معاوضہ قانون کے مطابق ادا کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں ڈائریکشن جاری کریں اور زمین کی قیمت یک سالہ کی بجائے Valuation Table کے مطابق دی جائے ۔ انہوں نے سی پیک منصوبے کی تعمیر کے دوران بھاری ٹریفک سے متاثرہ کس پل سے کوزہ بانڈہ اور کوزہ بانڈہ سے چھترپلین تک روڈزکی بعدازا ں تعمیر نو کا تخمینہ لاگت لگا کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے این ایچ اے سے سی پیک کی وجہ سے صوبہ بھر میں متاثرہ سڑکوں کی فہرست بھی طلب کی ہے اور وہاں سی پیک روٹ کے مکمل ہونے پر اُن کی تعمیر نو کیلئے تخمینہ لاگت لگانے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں حاجی محمد یوسف ترند کی سربراہی میں ضلع بٹگرام کے نمائندہ وفد کے ساتھ اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر ایم پی اے زرگل خان، ایم این اے قاری یوسف ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنرہزارہ ، ڈپٹی کمشنر بٹگرام، جنرل منیجر این ایچ اے ایبٹ آباداور کیلکٹرآف سی پیک ہزارہ ریجن بھی موجود تھے ۔وفد نے متاثرین سی پیک کے مطالبات وزیراعلیٰ کو پیش کئے جن پر وزیراعلیٰ نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔وفد نے سی پیک کے متاثرین کو زمین کا معاوضہ یک سالہ کی بجائے Valuation Table کی بنیاد پر دینے کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے تفصیلات طلب کیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کریں ۔ جب Valuation Table کے مطابق عوام سے ٹیکس کمرشل بنیاد پر وصول کئے جارہے ہیں تو متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی بھی اُسی بنیاد پر کی جائے ۔ماضی میں اگر کوئی کام غلط ہوتا آرہا ہے تو اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ وہ غلط کام ٹھیک ہے۔ ہمیں اس روایت کو بدلنا ہے ۔ ہمارے سسٹم میں قانون کے خلاف کسی کام کی گنجائش نہیں۔عوام کے حقوق قانون کے مطابق اُن کی دہلیز پر دینے ہیں۔ ایس ایم بی آر اس سلسلے میں ہدایات جاری کرے جن پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ مکانات کے نرخ سی اینڈ ڈبلیو کے ریٹس کی بنیاد پر دینے کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ مکانات کے ریٹس سی اینڈ ڈبلیو کی اسسمنٹ کے مطابق لگائے جاتے ہیں۔اگر اسسمنٹ میں کہیں کمی بیشی ہو گئی ہو تو کیس ٹو کیس ڈیل کیا جائے۔اعتراضات کی صورت میں ری اسسمنٹ کی جائے ۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ زمینوں کی کیفیت میں بندوبست کے بعد بہت تبدیلی آچکی ہے۔لہٰذا موقع کے مطابق ادائیگی کی جائے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ریکارڈ منگوا کرفیصلہ کریں اور معاملات کا ازسر نو جائزہ لیں اورزمین کی موجودہ کیفیت کے مطابق ادائیگی کی جائے ۔ انہوں نے سی پیک سے متاثرہ واٹر چینلز اور سپلائی سکیموں کی مرمت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔مقامی لوگوں کو سی پیک منصوبے میں روزگار دینے کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ چینی کمپنیوں کا اپنا ایک معیار ہے ۔وہ ٹیسٹ دینے کے بعد ہی مقامی لوگوں کو پراجیکٹ میں شامل کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات کریں تاکہ مقامی لوگوں کو روزگار مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں