375

5اگست کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شایان شان استقبال کرنے اور تاریخی جلسہ منعقد کرنے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل /سلیم خان اورسیدسردارحسین

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اور ایم پی اے سلیم خان اور اپر چترال سے ایم پی اے سید سردار حسین نے کہا ہے کہ 5اگست کو دن 2بجے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شایان شان استقبال کرنے اور تاریخی جلسہ منعقد کرنے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں او ر چترال کے عوام اپنی عظیم سیاسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس جلسے میں پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر شرکت کریں گے جس میں 35ہزار سے ذیادہ افراد شریک ہوں گے۔ جمعرات کے روز پارٹی کے دیگر رہنماؤں عالم زیب ایڈوکیٹ، میجر (ریٹائرڈ) قاضی احمد سعید، قاضی فیصل، محمد وزیر خان اور دوسروں کی معیت میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چترال سے پی پی پی کے شہید قائدین کی محبت اور والہانہ لگاؤ کی وجہ سے پارٹی کے چیرمین اپنی سیاسی عوامی مہم کا آغاز بھی چترال سے کررہے ہیں جوکہ موجودہ قیادت کی بھی چترالی عوام سے محبت کا غماز ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان ، سول سوسائٹی کے نمائندے بشمول وکلاء، تجار، مزدور، ڈرائیور اور دوسرے شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے چترال کی عظیم روایت کی پاسداری کرتے ہوئے شریک ہوں گے جبکہ ضلعے کی تمام وادیوں سے پارٹی کارکنان فوج درفوج دن 12بجے پولوگراونڈ پہنچ جائیں گے جن کے لئے ہر قسم کی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پی پی پی کے ضلعی قائدین نے کہاکہ شہید ذولفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کی اس پارٹی نے دوسال قبل بھی مشکل کی اس گھڑی میں اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود فراموش نہیں کیا اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو پارٹی ہائی کمان نے چترال بھیجا۔انہوں نے چترال کے جملہ عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی نظریات اور وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر جلسے میں شرکت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں