358

چترال کے لوگ احسان فراموش نہیں ہیں اور بھٹو خاندان کے ساتھ اپنا رشتہ قائم رکھیں گے/ایم پی اے سلیم خان

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) پاکستان پیپلز پارٹی چترال کے صدر اور ممبر صوبائی اسمبلی سلیم خان نے پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے چترال دورے کے موقع پر جلسہ عام کو کامیاب بنانے پر چترال کے عوام اور خصوصاً پی پی پی کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا ہے جوکہ ارندو سے لے کر بروغل تک اور شیشی کوہ سے لے کر گبور تک دوردراز علاقوں سے نہایت ذوق وشوق سے شرکت کی اور کئی گھنٹوں تک پولو گراونڈ میں تیز دھوپ میں اپنے محبوب قائد کے انتظار میں گرمی کی صغوبت برداشت کرتے رہے۔ پیر کے روز چترال پریس کلب میں پارٹی کے دیگر قائدین محمد حکیم ایڈوکیٹ (جنرل سیکرٹری)،قاضی فیصل، جاوید اختر، قاضی حمید ، بشیر احمد خان اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس کامیاب جلسے کے بعد مخالفین کی یہ خیال غلط ثابت ہوگئی کہ چترال میں پی پی پی کمزور پڑگئی ہے جس کی وجہ سے کامیاب جلسہ نہ کرسکیں گے لیکن اللہ کے فضل سے اس جلسے نے یہ ثابت کردی ہے کہ پی پی پی اب بھی چترال میں سب سے بڑی سیاسی قوت ہے اور اس بات کا تاثر بھی غلط نکلا کہ چترال میں پارٹی دو حصوں میں بٹی ہوئی ہے جبکہ جلسے کی کامیابی کے لئے ہر ایک نے دن رات کوشش کی اور اپنی ذاتی وسائل بھی استعمال کرتے رہے۔ سلیم خان نے جلسے اور دورے کی کامیابی میں پی پی پی کی برادر تنظیموں پی ایس ایف، پی وائی او، پی ایل ایف، پی ڈی ایف، خواتین ونگ، کالاش کمیونٹی کی کوششوں کو بھی جلسے کی کامیابی قرار دی جبکہ تعاون پر ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر اور سیکیورٹی کی بہترین انتظام پر ڈی پی او چترال کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے صوبائی قائدین انجینئر ہمایون خان، فیصل کریم کنڈی، سینٹروبینہ خالد اور ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سلیم خان نے مزید کہاکہ چترال کے لوگ احسان فراموش نہیں ہیں اور بھٹو خاندان کے ساتھ اپنا رشتہ قائم رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں