264

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو ایک سازش کے تحت غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر حکومت سے ہٹایا گیا/سیداحمدخان

چترال ( نمائندہ  ) پاکستان مسلم لیگ چترال کے قائدین صدر سید احمد خان ، جنرل سیکرٹری صفت زرین و دیگر رہنماؤں ، محمد کوثر ایڈوکیٹ ، فضل رحیم ایڈوکیٹ ، نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ ، ساجد اللہ ایدوکیٹ ،ارشاد احمد ایڈوکیٹ اور ظفر اللہ پرواز نے کہا ہے ۔ کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو ایک سازش کے تحت غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر حکومت سے ہٹایا گیا ۔ جس میں تیسری قوت کا ہاتھ شامل ہے ۔ امریکہ اور اُس کے اتحادی سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کیلئے مختلف طریقوں سے پاکستان میں حالات کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اور پاکستان کے بعض سیاست دان اور ادارے اُن کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز چترال میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حمایت میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ نواز شریف کو تین مرتبہ اقتدار سے علیحدہ کیا گیا۔ لیکن اُن کو عوام کے دلوں سے جُدا نہیں کر سکے ۔ آج بھی نواز شریف پاکستان کے عوام کے دلوں پر حکومت کر رہا ہے ۔ اور پاکستان کے لوگ یہ سمجھتے ہیں ۔ کہ میاں نواز شریف ہی پاکستان کے اصل خیر خواہ ہیں ۔ کیونکہ انہوں نے اپنے ہر دور اقتدار میں پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کی کوشش کی ۔ جو دُشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے ۔ انہوں نے ایٹمی دھماکا ، موٹر وے اور سی پیک جیسے منصوبے پاکستان کو دیے ۔ جو اُن کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں ۔ جب کہ عمران خان کا نیا پاکستان خیبر پختونخوا کی صورت میں ہمارے سامنے ہے ۔ جس میں ٹوٹی سڑکیں ، سوکھے پائپ لائن ، شکستہ پُلین اور خُشک بلین ٹری سونامی کے سوا کچھ نظر نہیں آتا ۔ مقررین نے کہا ۔ کہ انشاء اللہ عمران خان بہت جلد ایسے نااہل ہوں گے ۔ کہ عوام کے سامنے سر بھی نہیں اُٹھا سکیں گے ۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کیلئے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ ایک پختون اور ایک مذہبی جماعت کے رہنما ہونے کے باوجود عائشہ گلالئی کے ساتھ کئے جانے والے رویے پر اُن کی اسلامی اور پختوں غیرت نہیں جاگی ۔ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے ۔ کہ اُن کی نظر اقتدار تک محدود ہے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو شرم آنی چاہیے ۔ کہ گذشتہ سیلاب اور زلزلے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وفاق سے 2ارب 19کروڑ روپے متاثرین میں تقسیم کئے ۔ صوبائی حکومت وعدے کے باوجود اب تک ایک پیسہ بھی نہیں دے سکا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف وہ شخصیت ہیں جنہوں نے لواری ٹنل کی تعمیر کیلئے کورین کمپنی کو چار سالوں کے دوران 21ارب کے فنڈ فراہم کئے ۔ آج چترال کے لوگ 7منٹ میں 9کلومیٹر لواری ٹنل عبور کرکے سہولت سے چترال پہنچ رہے ہیں ۔ جبکہ چترال ٹو کالاش ویلیز روڈ ، گرم چشمہ روڈ کے ٹینڈر ہو چکے ہیں ۔ جن پر کام بہت جلد شروع ہو گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ 2018کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ کلین سویپ کر ے گی ۔ سازشیں کرنے والے اور دوسروں کے آلہ کار ہاتھ ملتے رہ جائیں گے ۔ اُن کیلئے اقتدار خواب ہے ۔ مقرریں نے کہا ۔ کہ جمہوریت کے خلاف سازش کر نے والوں کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔ تاکہ پھوٹ ڈال کر اقتدار میں آنے کی کوشش کرنے والوں کا راستہ روکا جا سکے ۔ مسلم لیگ کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا ۔ کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے حوالے سے پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا ۔ مقررین نے نو منتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد دی ۔ اور اس توقع کا اظہار کیا ۔ کہ وہ بھی میاں محمد نواز شریف کی طرح چترال کے مسائل پر بھر پور توجہ دیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں