275

گولین دو میگاواٹ بجلی گھر سے مطلوبہ مقدار میں بجلی فراہم ہو رہی ہے/طارق احمد

چترال (نامہ نگار) چترال ٹاؤن کے لئے تعمیر ہونے والے برموغ دومیگاواٹ بجلی گھر سے مطلوبہ مقدار میں بجلی فراہم ہورہی ہے اور بجلی کے تقسیم کے حوالے سے بھی چند دنوں میں نیپرا کے ساتھ معاہدہ ہو پائیگا۔ چترال میں مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس آر ایس پی کے ڈی پی ایم طارق احمد نے کہا کہ ابتک برموغ بجلی گھر ٹیسٹنگ کے مرحلے میں تھا اور اس دوران سامنے آنے والے تکنیکی مسائل کو حل کیا جا چکا ہے جس کے بعد اب مطلوبہ مقدار میں بجلی فراہم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر ایس پی کا کام بجلی کی پائیداوار دینا ہے جبکہ تقسیم کار متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ، ضلعی حکومت نے متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر شیڈول مرتب کیا ہوا ہے جسکے تحت بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ طارق احمد نے کہاکہ بجلی کی تقسیم کے حوالے سے پیڈواور پیسکو کے ساتھ معاہدہ طے پاچکا ہے جبکہ نیپرا کے ساتھ معاہدہ چند ہی دنوں میں ہوجائیگی جسکے بعد تقسیم کار کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ابتک برموغ بجلی گھر سے چھ لاکھ سے زائد یونٹ بجلی فراہم کی جا چکی ہے اور اسکے عوض ایس آر ایس پی نے ایک روپیہ بھی وصول نہیں کی۔ طارق احمد نے صحافیوں کو دعوت دی کہ وہ پیک اوقات میں بجلی گھر کا معائنہ کریں تا کہ اس دعوے کی تصدیق بھی ہو جائے کہ واقعی ایس آر ایس پی بجلی گھر سے مطلوبہ مقدار میں بجلی فراہم ہورہی ہے۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر عبدالاکرم نے کہا ضلعی انتظامیہ نے واپڈا کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کی ہوئی ہے اور اگلے چند روز میں نیشنل گرڈ کے بجلی کے وولٹیج اور دورانیہ میں اضافہ کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں