330

ضیاءاللہ آفریدی نے عمران خان کے دعوے کو جھوٹا قرار دے دیا

:پشاور: تحریک انصاف کے منحرف رہنما ضیاءاللہ آفریدی نے خیبرپختونخوا میں کرپشن ختم کرنے کے عمران خان کے دعوے کو جھوٹا قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے منحرف رہنما ضیاءاللہ آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن ختم کرنے اور احتساب کے تمام دعوے جھوٹے ہیں، عمران خان کو چیلنج دیتا ہوں کہ کرپشن کے معاملے پر میرے ساتھ مناظرہ کریں۔ ضیاء اللہ آفریدی نے کہا کہ صوبے سے باہر کے لوگوں کو بینک نے اربوں کے قرضے دیئے، بینک آف خیبر کے معاملے پر پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی ایک دوسرے کو بچا رہے ہیں، بینک کے اربوں روپے کے نقصان میں پرویز خٹک ملوث ہیں، اس معاملے پر جلد دھرنا دوں گا۔ضیاءاللہ آفریدی کا کہنا تھا کہ بینک آف خیبر کے ایم ڈی کی تقرری غیرقانونی ہوئی ہے، بینک سے متعلق 13 الزامات میرے نہیں بلکہ صوبائی اسمبلی کی کمیٹی کے ہیں۔ ضیاء اللہ آفریدی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر بھی الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ سراج الحق کرسی بچانے کے لیے کے پی کے بینک کو ڈبو رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں