400

چترال کے لوگ احسان فراموش نہیں مشرف سے دلی محبت رکھتے ہیں اورا چترال کے عوام اپنے محسن کو کبھی نہیں بھولیں گے/ضلعی صدرسلطان وزیر

چترال (ڈیلی چترال نیوز)سابق صدرجنرل ریٹائرڈپرویزمشرف کی خدمات کوکوئی فراموش نہیں کرسکتاہے وہ بہت جلدپاکستان آکراعلیٰ عدالتوں میں مقدمات کاسامناکریں گے ان کے خلاف آرٹیکل 6ایک سیاسی مقدمہ ہے و ہ بھی پاکستان میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں کوئی بھی شخص آئین وقانون سے بالاترنہیں ہے عوام باشعورہیں وہ ہرساز ش کوبہترسمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں سابق صدر پرویز مشرف نے ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں سمیت مذہبی و سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے لئے دعا خیر دیدی ہے۔ 24جماعتوں نے آئندہ الیکشن میں اے پی ایم ایل کا ساتھ دینے کے لئے حامی بھر لی ہے ان خیالات کااظہار ضلعی صدرآل پاکستان مسلم لیگ سلطان وزیرنے دبئی میں سابق صدرپرویزمشرف سے ملاقات کے بعدچترال پہنچ کرپریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرنومنتخب کابینہ کے سینئرنائب صدرممتازماہرتعلیم ریٹائرڈپرنسپل شیرولی خان اسیر، سینئرنائب امیرحسانات (المعرف شہزادہ گل)،نائب صدرقاضی اسرار،نائب صدربونی سلطان نگاہ،نائب صدرمحسن حیات،انفارمیشن سیکرٹری جی کے سریر،فنانس سیکرٹری وقاص احمدایڈوکیٹ اوردرجنوں ورکروں موجودتھے ۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے مشرف کے بنائے ہوئے نامکمل لواری ٹنل کاافتتاح کرکے پانامہ کیس سے جان چھڑانے کے لئے عوامی ہمدردیاں سمیٹناچاہتے تھے۔انہوں نے کہاکہ لواری ٹنل کے ابتدائی منصوبے کی منظوری ایک سیاسی فیصلے کے تحت 1970ء میں ذوالفقارعلی بھٹوکے دورمیں دی گئی تھی اس کے بعدآنے والی تمام حکومتیں چترال کے عوام کی پریشانیوں سے بے خبرچین کی بانسری بجاتی رہیں ،کسی نے ایک پتھر بھی رکھنا گوارانہ کیا،بلکہ اس مدمیں ہرسال منظورکئے جانے والے بجٹ سے حکمران وافسران اپنی جیبیں بھرتے رہے۔2006ء میں پاکستان کے صدر پرویز مشرف کے دورمیں اس کا باقائدہ کھدائی کا آغازہوا،یعنی 36برس بعداس پرپرویزمشر ف نے کام شروع کی۔انہوں نے کہاکہ عام پڑھے لکھے لوگوں سے جب بھی بات ہوتی ہے وہ پرویز مشرف کا حامی نظر آتے ہیں چترال کے لوگ احسان  فراموش نہیں ہے مشرف سے دلی محبت رکھتے ہیں اورا چترال کے عوام اپنے محسن کو کبھی نہیں بھولیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ آل پاکستان مسلم لیگ چترال میں نفرت کی سیاست کوختم کرکے محبت اوربھائی چارے کاسیاست شروع کریں گے امن محبت کاپیغام دیں گے۔انہوں نے کہاکہ پرویزمشرف واحدشخص ہے ان کے خلاف کرپشن کے کوئی الزامات نہیں ہے2013کے الیکشن میں ایک سازش کے تحت اُن کوانتخابات سے باہررکھاگیا۔اس موقع پر بونی سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے اہم رکن صوبیدارسیدکریم شاہ،فراموز خان اورفخراعظم نے پی پی پی کوخیربادکرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کااعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں