چترال ( محکم الدین ) پولیوسے متعلق آگہی اور اس کے تدارک میں میڈیا کے کردار کے حوالے سے ایک روزہ ورکشاپ چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا ۔ محمد اکبر خان کو آرڈنیٹر ایمرجنسی اوپریشن سنٹر خیبر پختونخوا پروگرام کے مہمان خصوصی تھے ۔ ورکشاپ میں لوئر دیر ، اپر دیر اور چترال کے الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے نمایندوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر پولیو کے تدارک سے متعلق عالمی ادارہء صحت اور پاکستان کی حکومت کی طرف سے کوششوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ۔ اور اس امر کا اظہار کیا گیا ۔ کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے ۔ کہ باوجود کئی نامساعد حالات کے خیبر پختونخوا کو پولیو فری بنایا گیا ہے ۔ تاہم اس اعزاز کو برقرار رکھنا انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پولیو کے مستقل خاتمے کیلئے تین مرتبہ پولیو کے قطرے سو فیصد بچوں کو پلانا ضروری ہیں ۔ لیکن بدقسمتی سے مختلف حالات کی وجہ سے یہ ٹارگٹ پورا کرنا ممکن نہیں ہو رہا ۔