205

امریکی غلامی کی زنجیروں کو توڑ نے اور ہمت دیکھانے کا وقت ہے؍امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کاپریس کانفرنس

چترال (ڈیلی چترال نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے حکومت پرزور دیا ہے کہ وہ امریکی دھمکی کو ان کے منہ پر دے مارے کیونکہ اب امریکی غلامی کی زنجیروں کو توڑ نے اور ہمت دیکھانے کا وقت ہے اور امریکہ پر یہ بات واضح کی جائے کہ افغانستان امریکہ کا قبرستان بننے جارہا ہے اور شکست اس کا مقدر بن گئی ہے جس کا امریکہ کی ڈھائی سو سالہ تاریخ گواہ ہے کہ اس نے ایک دفعہ بھی جنگ نہیں جیت سکی۔ پیر کے روز چترال میں ضلع ناظم مغفرت شاہ اور ضلعی امیر مولانا جمشید احمد کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دراصل امریکہ کی دھمکی پاکستانی حکمرانوں کی کرپشن کا ضمیمہ ہیں جنہوں نے امریکہ سے اربوں ڈالر کے امداد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے وصول کیا اور جوکہ دراصل اسلام کے خلاف جنگ تھی جس میں ملک کے 73ہزار شہری شہید ہوگئے جن میں فوج اور دوسرے فورسز کے افراد بھی شامل تھے۔جماعت اسلامی کے رہنما نے کہاکہ ہم افواج پاکستان کے شا نہ بشانہ دفاع وطن کے لئے تیار ہیں جس کے لئے جماعت اسلامی نے ‘پاکستان زندہ باد ، امریکہ مردہ باد’مہم شروع کردی ہے جس میں دس لاکھ جوانوں سے حلف نامہ لیں گے کہ امریکی حملے میں وہ فوج کے ساتھ ہر محاذ پر موجود ہوگا۔ جماعت اسلامی کے صوبائی سربراہ نے کہاکہ اس وقت کرپشن ملک کا مرکزی مسئلہ ہے اور ملک کی بقا ، سلامتی اور استحکام کے لئے سب سے بڑا خطرہ یہی کرپشن ہے جس کی وجہ سے 2کروڑ سے ذیادہ بچے سکولوں سے باہر، پانچ خطرناک بیماریوں کا علاج ممکن نہیں رہا، 40فیصد لوگوں کے پاس رہنے کو چھت نہیں، 62فیصد بیماریاں پینے کے پانی کی آلودگی سے پھیلتی ہیں جبکہ قرضوں کی وجہ سے قوم غلامی میں جکڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کے تین کروڑ خاندانوں میں 21کروڑ لوگ بستے ہیں لیکن ان پر ایک ہزار بدعنوان اشرافیہ کی حکومت ہے جوکہ مختلف ناموں اور مختلف جھنڈوں کے ساتھ آگے آتے ہیں اور ان کا ایجنڈا بھی مشترکہ ہوتا ہے اور سب قومی دولت کو لوٹنے میں اپنی اختلافات پس پشت ڈال کرایک ہوجاتے ہیں جس طرح آئین کے دفعات 62اور 63میں ترمیم کے لئے یکجا ہوگئے ہیں۔ مشتاق احمد خان نے کہاکہ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک نواز شریف کی نااہلی پر ختم نہیں بلکہ یہ نقطہ آغاز ہے اور پانامہ لیکس سے آگے جاکر اب ہم قومی بنکوں سے قرضے معاف کرانے والوں کے خلاف اور نیب میں زیر التوا کرپشن کیسز میں کاروائی شروع کرنے کے لئے تحریک چلاکر انہیں منطقی انجام کوپہنچادیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے چار محاذوں پر کرپشن کے خلاف جنگ جاری رکھی ہوئی ہے جن میں عدالتی کاروائیوں ، میڈیا میں مہم چلانے، عوامی رائے کو متحرک کرنا اور ایوان میں قانون سازی شامل ہیں اور یہ بات حقیقت ہے کہ جماعت اسلامی کی کوششو ں کی وجہ سے ہی کرپٹ وزیر اعظم کو گھر کی راہ دیکھادی گئی۔ خیبر بنک کے مسئلے پر صوبائی حکومت کو چھوڑنے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہاکہ انکوائری رپورٹ اور کابینہ کے فیصلے پر عملدرامد کے لئے پی ٹی آئی تاریخ پہ تاریخ دے رہی ہے جس کا ہم جائزہ لے رہے ہیں اور جس دن بھی انکار ہوئی تو ہم حکومت سے علیحدہ ہوجائیں گے جبکہ جماعت اسلامی نے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی ہے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمار ا اتحاد کبینٹ روم اور صوبائی اسمبلی ہال تک ہے اور جماعت اسلامی ایک پیکج کے تحت صوبائی حکومت میں شامل ہوئی ہے۔ اس سے قبل صوبائی امیر نے المرکز اسلامی میں جماعت اسلامی کی متعدد پروگرامات میں شرکت کی ا ور تنظیمی امور کا جائز ہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں