210

ضلع چترال کے چھ ہزار سپیشل افراد حکومتی عدم توجہ کی بنا پر جن مسائل سے دوچار ہیں اُن کو اُن کا جائز حق دیا جائے/ صدر ثناء اللہ

چترال ( محکم الدین ایونی ) چترال سپیشل پیپلز آرگنائزیشن کے عہدہ داروں صدر ثناء اللہ ، نائب صدر ارشاد الحق اور جنرل سیکرٹری عباد الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔ کہ ضلع چترال کے چھ ہزار سپیشل افراد حکومتی عدم توجہ کی بنا پر جن مسائل سے دوچار ہیں اُن کو اُن کا جائز حق دیا جائے ۔ چترال پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ حکومت کی طرف سے کسی بھی میدان میں اُن کی سپورٹ نہیں کی جاتی ۔ جبکہ وہ سب سے زیادہ توجہ کے حقدار ہیں ۔ تمام اداروں میں اُنہیں نظر اندار کیا جاتا ہے ۔ اور اُن کے ساتھ دوسرے درجے کے شہریوں کا سلوک کیا جاتا ہے ۔ سیاسی اور انتظامی ذمہ دار افراد اُن کی باتوں پر کوئی توجہ نہیں دیتے ۔ اداروں کے ذمہ دار آفیسر اُن کے مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں لیتے ۔ اُنہیں تمام اداروں میں ٹرخانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پاکستان میں ایک کروڑ ستاون لاکھ معذور افراد ہیں جن میں مردو خواتین شامل ہیں ۔ جو کہ مجموعی آبادی کا پندرہ فیصد ہیں ۔ اُن کی کوئی نمائندگی قومی اور صوبائی اسمبلی اور ضلعی سطح پر نہیں ۔ جبکہ دس فیصد اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ حکومت قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی نمایندگی میں اُن کیلئے سیٹ مخصوص کرے ۔ تاکہ وہ سپیشل افراد کی صحیح معنوں میں خدمت کر سکیں ۔ ثناء اللہ نے کہا ۔ کہ ملازمتوں میں سپشل افراد کی آبادی کے مطابق اُنہیں کوٹا دیا جائے ایجوکیشن میں سکالرشپ سے اُنہیں محروم نہ رکھا جائے ، بازراوں اور پبلک مقامات پر اُن کیلئے مخصوص ٹائلٹ تعمیر کئے جائیں ، جبکہ سپورٹس کیلئے اُنہیں فنڈ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے سپیشل یوتھ میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں ۔ اور وہ بطور سپیشل یوتھ چترال کا نام ملک میں روشن کرنا چاہتے ہیں ۔ لیکن ہر جگے پر عدم سپورٹ آڑے آتی ہے ۔ جس سے وہ انتہائی طور پر دلبرداشتہ ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال سپیشل پیپلز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ماہ جون میں ایبٹ آباد میں منعقد ہونے والے سپورٹس فیسٹول میں چھ ٹرافی جیت لی ۔ اگر حکومت کی طرف سے صحیح معنوں میں سپورٹ کی گئی ۔ تو مستقبل میں مزید بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔ چترال سپشل پیپل آرگنائزیشن کے عہدہ داروں نے سوشل ویلفئیر چترال کے تعاون کی تعریف کی ۔ اور کہا ۔ کہ اُن کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی کوشش کی جاری ہے ۔ لیکن سوشل ویلفئیر کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں ۔ کہ مجموعی طور پر سپیشل افراد کے مسائل حل کئے جا سکیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں