466

چترال چیمبر آف کامرس اورکامرس کالج چترال چترال کے درمیاں مفاہمت کی یادداشت(ایم آئی یو)پردستخط

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال)چترال چیمبر آف کامرس اور گورنمنٹ پوسٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز چترال کے درمیاں مفاہمت کی یادداشت(ایم او یو) طے پاگئے جس کی رو سے سی پیک منصوبے اور لواری ٹنل منصوبے کی تکمیل سے چترال میں تجارتی سرگرمیوں کے ممکنہ فروع اور یہاں بے روزگاری پر قابو پانے کے لئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے میں دونوں ادارے مل کر لائحہ عمل طے کرکے اسے عملی جامہ پہنائیں گے۔ منگل کے روز کالج میں منعقدہ ایک تقریب میں چیمبر آف کامرس کے صدر سرتاج احمد خان اورکالج کے پرنسپل پروفیسر صاحب الدین نے ایم اویو پر دستخط کردئیے جبکہ سمیڈا کے کوارڈینیٹر حبیب خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج احمد خان نے کہاکہ 2018ء کے بعد چترال تجارتی سرگرمیوں کا بہت بڑ امرکز بن جائے گا اور ہمیں اس کے لئے ابھی سے تیاری شروع کرتے ہوئے کامرس کو جدید اور سائنسی خطوط پر استوار کرنی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چترال کو قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور ہمیں اس پوٹنشل کو مکمل طور پر بروئے کار لانا ہے اور یہی وجہ ہے کہ چترال چیمبر آف کامرس نے مختلف اسٹیک ہولڈروں کو ساتھ لے کرچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے کالج آف منیجمنٹ سائنسز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت طے کیا ہے جوکہ اہمیت کا حامل ہے۔کالج کے پرنسپل پروفیسر صاحب الدین نے کہاکہ اب تک چترالی نوجوان سرکاری ملازمت کو کاروبار پر ترجیح دیتا تھا مگر اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی پراپنی پرانی روش بدلتے ہوئے کاروباری ذہن بنائیں اور آنے والی مسابقتی دور کے لئے تیاری کریں ۔ انہوں نے چترال چیمبر آف کامرس کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ چترال میں تجارتی سرگرمیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اس کا کلیدی کردا رہے۔ چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین اور سمیڈا کے کوارڈینیٹر حبیب خان نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دونوں اداروں کے درمیاں ایم او ایو کو تاریخ ساز واقعہ قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں