Site icon Daily Chitral

چین کے وفد کا پاکستان کادورہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط قائم کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ثابت

چین کے ایک تجارتی وفد نے کاشغر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ژانگ شو زی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں ، سڑکوں کی تعمیر ، بلڈنگ میٹریل، سمنٹ کی پیداوار، لا جسٹک ، توانائی، ڈیکوریشن کا سامان اور فوڈ پراڈیکٹس سمیت دیگر شعبوں میں مقامی تاجر برادری کے ساتھ کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کاشغر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ژانگ شو زی نے کہا کہ ان کا وفد سی پیک سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اور بزنس پارٹرنشپ کے مواقع تلاش کرنے کیلئے پاکستان کے دورے پر آیا ہے کیونکہ پاکستان کاروبار کے لئے ایک پرکشش ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے وفد کے اراکین بذریعہ روڈ پاکستان آئے ہیں اور وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط کا قیام ضروری ہے اور ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کی تاجر برادری کو براہ راست ملاقاتوں کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لانا ہے تا کہ وہ باہمی تعاون کے تمام ممکنہ مواقع تلاش کر سکیں ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کیلئے باہمی تعاون کے متعدد نئے مواقع پیدا کر دیئے ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر پاکستان اور چین کے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے سرمایہ کار سی پیک منصوبے میں پاکستان کے نجی شعبہ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ جوائنٹ وینچرز قائم کرنے پر توجہ دیں جس سے دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں چین کے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں جبکہ پاکستان میں لیبر کاسٹ بھی چین کی نسبت کم ہے۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں ٹیکنالوجی و مشینری منتقل کر کے سرمایہ کاری و جوائنٹ وینچرز کے مواقع تلاش کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے اپنے خطاب میں چین کے وفد کو چیمبر میں خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ چین کے وفد کا پاکستان کادورہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط قائم کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ثابت ہو گا ۔

Exit mobile version