317

ایون بازار میں کوڑا کرکٹ کو جمع کرنے کیلئے کوڑے دان اور اُنہیں ٹھکانے لگانے کیلئے مناسب گاڑی کا انتظام کیا جائے؍تجاریونین کامطالبہ

چترال ( محکم الدین ) تجار یونین ایون کا ایک غیر معمولی اجلاس زیر صدرت صدر تجار یونین ایون بہادر حسین گذشتہ روز منعقد ہوا ۔ جس میں جملہ تاجر برادری نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ایون بازار میں تاجر برادری کے مسائل زیر بحث آئے ۔ اور متفقہ طور پر حکومت اور چترال چیمبر آف کامرس سے مطالبہ کیا گیا ۔ کہ ایون بازار میں کوڑا کرکٹ کو جمع کرنے کیلئے کوڑے دان اور اُنہیں ٹھکانے لگانے کیلئے مناسب گاڑی کا انتظام کیا جائے ۔ تاکہ بازار میں صفائی کو ممکن بنایا جا سکے ۔ اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ۔ کہ ایون بازار روڈ انتہائی اہمیت والا روڈ ہے ۔ کیونکہ ملک اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں سیاح اس سڑک سے ہوکر کالاش ویلیز کی سیر کیلئے جاتے ہیں ۔ لیکن کھنڈر سڑک کی وجہ سے نہ صرف حکومت کی بدنامی ہوتی ہے ۔ بلکہ مقامی دکاندار بھی بہت زیادہ پریشانی سے دوچار ہیں ۔ اس لئے اس کھنڈر سڑک کی مرمت کا انتظام کرکے پاکستان کو بدنام ہونے سے بچایا جائے ۔ انہوں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر حکومتی اعلی اہلکار اسی سڑک سے گزر کر کالاش ویلی جاتے ہیں ۔ لیکن کسی نے بھی اس کو بنانے کی ضرورت کا احساس نہیں کیا ۔ جو کہ باعث شرم ہے ۔ اجلاس میں ایون کے دکانداروں نے یہ بھی مطالبہ کیا ۔ کہ مقامی دکانداروں کے پاس تجارتی سرمائے کا فائدہ غیر مقامی تاجر اُٹھاتے ہیں ۔ اس وجہ سے علاقہ معاشی طور پر ترقی کرنے کی بجائے روز بروز تنزلی کی طرف جا رہاہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ۔ کہ لوکل تاجروں کے ساتھ خصوصی مالی مدد کی جائے ۔ اور کم اقساط پر قرضے بھی مہیا کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ اجلاس میں بازر ائریے میں ٹورسٹ ، مقامی دکانداروں اور عوام کیلئے پبلک لیٹرین تعمیر کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ درین اثنا صدرتجار یونین ایون بہادر حسین نے صدر چترال چیمبر آف کامرس سرتاج احمد خان سے اُن کے آفس میں ملاقات کی ۔ اور اُنہیں مسائل سے آگاہ کیا ۔ سرتاج احمد نے یقین دلایا ۔ کہ تجار یونین خود کو فعال اور مضبوط بنانے کی کوشش کرے ۔ تو انشااللہ یہ مسائل حل ہو کے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس حوالے سے مختلف اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ اور بتدریج تمام مسائل پر قابو پایا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں