231

میرا جینا مرنا جمعیت علماء اسلام کیلئے ہے،جان بوجھ کر من گھڑت پراپیگنڈا کیا گیا/صلا ح الدین طوفان

دروش(نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام کے سابق صوبائی سالاراور صوبائی مجلس عمومی کے رکن صلاح الدین طوفان نے بالآخر اپنے بارے میں گردش کرنے والی خبروں کی بابت وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکا جینا اور مرنا جمعیت علماء اسلام کے ساتھ ہے اور مرتے دم تک جمعیت کے وفادار رہیں گے۔ میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں صلاح الدین طوفان نے کہا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر افواہیں پھیلائیں کہ میں جمعیت علماء اسلام کو چھوڑ کر جانے والا ہوں، ایسی خبریں بالکل من گھڑت اور قابل مذمت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میرے جماعت اسلامی میں شمولیت کے حوالے سے خبریں پھیلائی گئیں جسکی وجہ سے ضلع کے اندر اور ملک کے دوسرے حصوں میں موجودمیرے جماعتی احباب اور دیگر متعلقین بھی تشویش میں مبتلا تھے مگر اب انکی تشویش دور کرنے کے لئے مجھے اخباری بیان جاری کرنا پڑ رہا ہے کہ میں جمعیت علماء اسلام کو چھوڑ کر کسی دوسرے جماعت میں شامل ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ایسے خبروں کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے حضرات نے بھی مجھ سے رابطہ کرکے اپنے اپنے پارٹیوں میں شامل ہونے کی دعوت دیں ۔ صلاح الدین طوفان نے کہا کہ میرے والد مرحوم مفتی نور اللہ جمعیت کے بانی اراکین میں شامل تھے اور انہوں نے چترال میں جمعیت کو مضبوط بنانے کے لئے دیگر اکابرین بالخصوص بلبل چترال مولانا عبدالحمید مرحوم، حاجی نادر خان، سکندر ولی اور بلناس خان ودیگر کو لیکر دن رات محنت کی ہے اور انہی اکابرین کی محنت کا ثمر ہے کہ جمعیت چترال میں ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا مجھ جیسے نظریات شخص کیلئے جمعیت سے راستے الگ کرنے کا سوچنا بھی محال ہے۔ صلاح الدین طوفان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اندر اختلافات ہوتے رہتے ہیں جو کہ جمہوریت کا حسن ہے مگر ایسے سیاسی اختلافات نظریاتی وابستگیوں سے بالاتر نہیں ہوتے۔ صلاح الدین طوفان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعیت علماء اسلام کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے اور جمعیت کو مضبوط بنانے کے لئے وہ پہلے سے بھی بڑھ کر کوششیں کرینگے۔ اس حوالے سے صلاح الدین طوفان نے سوشل میڈیا میں ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں