454

جمعیت علماء اسلام کے اختلافات نہ تھم سکے؛تحصیل چترال کی پوری کابینہ مستعفی

چترال(نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام ضلع چترال میں پچھلے ڈھائی سالوں سے چلنے والے اختلافات نہ تھم سکے ہیں بلکہ ان میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جسکی وجہ سے جمعیت کے اندرونی کارکنان تشویش میں مبتلا ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت کے اندرونی اختلافات میں اس وقت مزید شدت ہو گئی ہے اور ضلعی کابینہ کے ساتھ شدید اختلافات کے بعد تحصیل چترال کی کابینہ نے استعفیٰ دیکر جماعتی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ شدید اختلافات کے بعد تحصیل چترال کے امیر اور تحصیل ناظم مولانا محمد الیاس، نائب امراء نصیر اللہ، قاری فدا ، جنرل سیکرٹری حافظ سراج احمد ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالطیف،سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد اسمعٰیل شاہ، سیکرٹری مالیات مختار احمد اور تحصیل سالار قاضی شفیق نے اپنے جماعتی عہدوں سے استعفیٰ دیا ہے۔ اس حوالے سے جماعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چند ہفتے قبل جمعیت علماء اسلام کے تحصیل چترال کے مجلس عمومی میں بھی ضلعی کابینہ پر شدید اعتراض کیا گیاتھا اور اسی میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا اگر ضلعی کابینہ نے تحصیل چترال کے مجلس عمومی کے مطالبات پر مثبت کاروائی نہیں کی تو تحصیل کابینہ بطور احتجاج مستعفی ہو گی۔ بعد ازاں تحصیل چترال کے پوری کابینہ نے اپنے استعفے ضلعی امیر کو پیش کئے۔
تازہ ترین اطلاع کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر نے تحصیل کابینہ کے استعفیٰ کو منظور کر لیا ہے اور اب جماعتی دستور کے مطابق تحصیل چترال کے نئے کابینہ کیلئے انتخابات منعقد ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں