443

چترال اور اسلام آباد کے روٹ پر چلنے والی ناقص گاڑیوں کا سخت نوٹس لیاجائے جوکہ دس گھنٹے کا سفر 24گھنٹوں میں طے کرتی ہیں؍سیدذولفقارعلی شاہ

؂چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) اسلام آباد میں چترال سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری شخصیت سید ذولفقار علی شاہ نے چترال اور اسلام آباد کے روٹ پر چلنے والی ناقص گاڑیوں کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے جوکہ دس گھنٹے کا سفر 24گھنٹوں میں طے کرتی ہیں جس سے مسافر سخت ذہنی اور جسمانی مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ عوامی شکایات کا جائزہ لینے کے لئے انہوں نے گزشتہ دنوں خود وہ چترال سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا سفر ایک کوسٹر گاڑی کے ذریعے کیا جس کے نتیجے میں انہیں بھیانک حقائق کا سامنا ہوا اس سفر کے دوران کم از کم چار مقامات پر گاڑی خراب ہوگئی اور بچوں اور خواتین پر مشتمل مسافروں کو کئی گھنٹوں سڑکوں پر خوار ہونا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ ان کا یہ سفر انتہائی کربناک ثابت ہواجوکہ جب عمر بھر بھلائی نہیں جاسکے گی جبکہ چترال اور اسلام آباد کے روٹ پر ہر سفر اسی طرح کربناک اور تکلیف دہ ہے لیکن لاچار اور بے بس مسافر اڈہ مافیا کے ہاتھوں اذیت سہنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چترال اور جڑوان نشہر اسلام آباد / راولپنڈی کے درمیاں روزانہ کئی کوسٹر گاڑیاں چلتی ہیں لیکن ایک کی حالت بھی تسلی بخش نہیں اوراڈہ مافیا مک مکا کرکے ان مسترد شدہ گاڑیوں کو چلارہے ہیں ۔ سید ذولفقار علی شاہ نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اسلام آباد/راولپنڈی میں چترال جانے والی گاڑیوں کی چھتوں پر گنجائش سے ذیادہ سامان لوڈ کئے جاتے ہیں جوکہ مسافروں کے نہیں بلکہ عام دکانداروں کے ہوتے ہیں اور ان گاڑیوں کے ڈرائیور اور مالکان ٹریفک پولیس کی ڈر سے جی ۔ ٹی روڈ پر سفر کرتے ہیں جس سے مسافروں کا قیمتی وقت مزید ضایع ہوتا ہے۔ انہوں نے کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ ا ور پنجاب کے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف اڈوں سے چترال کے لئے نکلنے والی انتہائی خستہ حال اور کھٹارہ گاڑیوں کا نوٹس لیا جائے اور فٹنس کی چیکنگ کے بعد ہی ان کو روٹ پرمٹ دئیے جائیں۔انہوں نے چترال کے نئے تعینات ہونے والے ڈی۔سی سے اس صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں