218

خیبرپختونخوا اسمبلی نے صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں کنٹریکٹ پر تعینات 772ٹیچنگ اسسٹنٹس کو مستقل کرنے

پشاور۔خیبرپختونخوا اسمبلی نے صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں کنٹریکٹ پر تعینات 772ٹیچنگ اسسٹنٹس کو مستقل کرنے کے قانون کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی ہے جس کے بعد ٹیچنگ اسسٹنٹ گریڈ 17 میں لیکچررز بن گئے ہیں حکومت اور اپوزیشن ارکان نے بل کی منظوری کو تاریخی کارنامہ قرار دیا ہے اور مستقل ہونے والے لیکچررز کو مبارکباد دی ہے۔

جمعہ کے روز صوبائی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت منعقد ہوا اس دوران خیبر پختونخوا ریگولرائزیشن آف سروسز آف ٹیچنگ اسسٹنٹس ایز لیکچررز بل 2017پیش کیا گیا یہ بل اراکین اسمبلی معراج ہمایون ٗ سردار محمد ادریس ٗ محمود جان نے پیش کیا بل میں سردار اورنگزیب نلوٹھہ ٗ سردار ظہور احمد ٗ عسکر پرویز منورخان ٗ صاحبزادہ ثناء اللہ ٗ جعفر شاہ ٗ سردار حسین بابک ٗ میاں ضیاء الرحمن ٗ محمد رشاد خان ٗ مولانا مفتی فضل غفور ٗ محمد علی ٗ فخر اعظم وزیر ٗ محمود احمد خان ٗ عظمیٰ خان ٗ آمنہ سردار ٗ بی بی فوزیہ ٗ عائشہ نعیم نے اپنی ترامیم واپس لے لیں جبکہ اعلیٰ تعلیم کے مشیر مشتاق غنی نے بعض ترامیم پیش کیں۔

جسے ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا بل کے تحت تمام ٹیچنگ اسسٹنٹ کو بل کی منظوری کے دن سے مستقل تصور کیا جائیگا دریں اثناء ٹیچنگ اسسٹنٹس کو مستقل کرنے سے متعلق بل کی منظوری کے ساتھ ہی ایوان ’’انجمن ستائش باہمی‘‘میں تبدیل ہوکر رہ گیاحکومتی اور اپوزیشن ارکان مذکورہ بل کی منظوری پر ایک دوسرے کی مسلسل تعریفیں کرتے رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں