229

ڈیوٹی سے غیرحاضر لیکچرارز کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ مشتاق غنی

وزیراعلی کے مشیر برائے اعلٰی تعلیم مشتاق احمد غنی نے احتجاج کرنےوالے کالج اساتذہ کے خلاف کاروائی کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرسوں سے جو استاد پڑھانے نہیں آئے گا اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ حکومت کالجوں کی نجکاری کرنے جارہی ہے نہ ہے طلبہ پر اضافی بوجھ ڈالنا چاہتی ہے۔

مشیر ہائیر ایجوکیشن کے مطابق اساتذہ کے پیچھے سیاسی لوگ ہیں، انہیں مذاکرات کی دعوت دی گئی مگر وہ نہیں آئے اب پرسوں سے جو اپنی ڈیوٹی پر نہیں آئے گا اس کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ٹیچرز سے درخواست کی کہ وہ ڈیوٹی پر آئیں کیونکہ بحیثیت استاد کلاسز کا بائیکاٹ انہیں زیب نہیں دیتا۔

مشتاق غنی کے مطابق  پروفیسرز کو ون سٹپ آپ گریڈیشن دی جا سکتی ہے نہ ہی ہائیر ایجوکیشن کے ملازمین کو الائونس کیونکہ ایسا کریں گے تو پھر دوسرے شعبوں کے ملازمین بھی ایسے مطالبات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  ہماراغریب صوبہ ہے اور وفاق بھی ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہا جب کہ پروفیسرز کے مطالبات بے بنیاد ہیں جنہیں پورا کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو احتجاج کرنا چاہتے ہیں وہ بنی گالہ جا کر اپنا شوق پورا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں